Live Updates

چکوٹھی میں''پاکستان زندہ باد '' عظیم الشان ریلی کا انعقاد

پیر 2 جون 2025 17:04

چکوٹھی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں آزادکشمیر کے علاقے چکوٹھی میں ''پاکستان زندہ باد '' عظیم الشان ریلی'کا انعقاد کیا گیاجس میں بھارتی جارحیت کے خلاف بے مثال کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں اقوام متحدہ پر زور دیاگیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرے تاکہ خطے کو ممکنہ ایٹمی جنگ سے بچایا جا سکے۔

ریلی میں آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی اورمذہبی تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی سے غلام محمد صفی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان اور دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کی تاریخی فتح کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو ایک ایسی شکست دی ہے جس نے دنیا کا بیانیہ تبدیل کر دیا ہے اور بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں چور ہو کر کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور پہلگام واقعے کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہر سوخوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔ ہزاروں بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔مقررین نے کہا کہ ہم نے بارہا میدان جنگ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن مذاکرات کی میز پر ہمیں کئی بار مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان پرزوردیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے تمام سیاسی اور سفارتی ذرائع بروئے کار لائے۔ ریلی کشمیری عوام کے اس پختہ عزم کی عکاسی ہے کہ وہ اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔چکوٹھی کی فضا ''پاک افواج زندہ باد'' ،''پاکستان زندہ باد'' اور''کشمیر بنے گا پاکستان ''کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما اشفاق ظفر، پی ٹی آئی رہنما زرین حیدر، حریت رہنما ئوںایڈوکیٹ پرویز احمد ،اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف ،زاہد صفی،چوہدری شاہین،محمد اشرف ڈار، عبدالحمید لون،شوکت جاوید،سید گلشن،مشتاق الاسلام ،عزیر غزالی،عبدالمجید میراورتنزیل احمدنے بھی شرکت کی ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات