Live Updates

عید کا دن اتحاد کا پیغام ہے، پاکستان ایک فاتح قوم کے طور پر عید منا رہا ہے،شرجیل انعام میمن

ہفتہ 7 جون 2025 15:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے نمازِ عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر غزہ کے مظلوم عوام، افواجِ پاکستان کے شہداء اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شہداء کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عید کا دن خوشی، بھائی چارے اور اتحاد کا دن ہے۔ ہمیں مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت اور قربانیوں کے باعث آج پاکستان اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ راول ہاؤس راہوکی، ٹنڈو جام میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس وقت ایک اہم مشن پر ہیں اور پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایک تاریخی عید ہے کیونکہ آج ہم ایک فاتح قوم کے طور پر عید منا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم اور افواج کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے ۔ انہوں نے بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے جنگ کے دوران حب الوطنی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے جھوٹ کو بے نقاب کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پراجیکٹ تعمیر کر رہی ہے، جو سیلاب متاثرین کے لیے ہے۔

اب تک 8 لاکھ سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں جن میں سولر ہوم سسٹمز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، اور حکومت عوامی خدمت میں پیش پیش ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور موجودہ وفاقی حکومت کو مسائل کا حل مذاکرات سے نکالنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں، ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ سینئر وزیر نے کہا کہ آنے والا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جائے گا، اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ ملک کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سب ایک پیج پر ہوں تاکہ پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات