Live Updates

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9رکنی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد واشنگٹن اور نیویارک کے کامیاب دورے کے بعد لندن پہنچ گیا

اتوار 8 جون 2025 21:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9رکنی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد واشنگٹن اور نیویارک کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد اتوار کو لندن پہنچ گیا۔وفد کو وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ جھڑپ پر پاکستان کا موقف پیش کرنے اور جموں و کشمیر کے تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔

وفد کے دیگر ارکان میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک؛ چیئرپرسن، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت،انجینئر خرم دستگیر خان؛ سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر فیصل سبزواری; اور سینیٹر بشریٰ انجم بٹ اورسابق خارجہ سیکرٹریز سفیر جلیل عباس جیلانی اور سفیر تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اتوارکو جاری بیان کے مطابق لندن میں وفد برطانیہ کی پارلیمنٹ کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جس میں پاکستان اور جموں و کشمیر پر آل پارٹیز پارلیمانی گروپ بھی شامل ہیں۔ وفد کے ارکان علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لیے سرکردہ تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطہ کریں گے۔اپنے دورے کے دوران وفد بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان کے لاپرواہ اور جنگجوآنہ اقدامات کے مقابلہ میں ذمہ داری کے ساتھ امن کے خواہاں ،پاکستان کے ذمہ دار اور روکے ہوئے طرز عمل کو اجاگر کرے گا۔

وہ اس بات کو بھی اجاگر کرے گا کہ مذاکرات اور سفارت کاری کو تنازعات اور محاذ آرائی پر ترجیح دی جانی چاہیے"۔ وفد جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے بین الاقوامی برادری پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دے گا۔وفدسندھ طاس معاہدہ کے معمول کے مطابق دوبارہ فوری بحالی پر بھی زور دے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات