Live Updates

ج*پاکستان کا پارلیمانی وفد امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد لندن پہنچ گیا

غ*وفد نے بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کا موقف اور تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیا

پیر 9 جون 2025 16:20

ا*لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 9رکنی اعلی سطحی پارلیمانی وفد امریکہ کا کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچ گیا۔وفدنے امریکہ میں بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان کا موقف پیش کیا اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

لندن میں وفد برطانیہ کی پارلیمنٹ کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کرے گا جس میں پاکستان اور جموں و کشمیر پر آل پارٹیز پارلیمانی گروپ بھی شامل ہیں۔ وفد کے ارکان علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لیے سرکردہ تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اپنے دورے کے دوران وفد بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگی جنون کے مقابلہ میں ذمہ داری کے ساتھ امن کے خواہاں ،پاکستان کے ذمہ دار اور روکے ہوئے طرز عمل کو اجاگر کرے گا۔

وفد اس بات کو بھی اجاگر کرے گا کہ مذاکرات اور سفارت کاری کو تنازعات اور محاذ آرائی پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ وفد جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے بین الاقوامی برادری پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دے گا۔وفدسندھ طاس معاہدہ کے معمول کے مطابق دوبارہ فوری بحالی پر بھی زور دے گا۔وفد کے دیگر ارکان میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک؛ چیئرپرسن، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت،انجینئر خرم دستگیر خان؛ سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر فیصل سبزواری; اور سینیٹر بشری انجم بٹ اورسابق خارجہ سیکرٹریز سفیر جلیل عباس جیلانی اور سفیر تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات