Live Updates

پاکستانی پارلیمانی وفد کا بین الاقوامی انسٹیٹیوٹ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کے ساتھ خصوصی اجلاس

منگل 10 جون 2025 17:59

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے سفارتی وفد نے لندن میں واقع بین الاقوامی انسٹیٹیوٹ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔آئی آئی ایس ایس دنیا کے ممتاز تحقیقی اداروں میں شمار ہوتا ہے جو دفاع، سلامتی اور اسٹریٹجک امور پر تحقیق کرتا ہے۔

اجلاس کی میزبانی ڈیسمنڈ بووین، ایسوسی ایٹ فیلو برائے جنوبی و وسطی ایشیائی دفاع، حکمت عملی اور سفارت کاری نے کی۔ اس موقع پر عالمی پالیسی ساز، اسٹریٹجک تجزیہ کار اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں جنوبی ایشیا میں بھارت کی بلااشتعال فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں نہ صرف عام شہریوں کی جانوں کا نقصان ہوا بلکہ علاقائی استحکام کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ اور غیرقانونی معطلی کو بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی آبی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔بلاول بھٹو نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔پاکستان کے وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، سابق وزیر خارجہ محترمہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر برائے تجارت و دفاع انجینئر خرم دستگیر خان، ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سید فیصل علی سبزواری، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ بھی وفد کا حصہ تھے۔

اجلاس میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی شریک تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ تعمیری مذاکرات اور مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتا رہا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لیے بامعنی مذاکرات کی حمایت کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات