پاکستان کشیدگی میں کمی کے لئے ہرسفارتی کوشش کی حمایت کرتا ہے، دفترخارجہ

جمعرات 19 جون 2025 22:20

پاکستان کشیدگی میں کمی کے لئے ہرسفارتی کوشش کی حمایت کرتا ہے، دفترخارجہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2025ء)ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل ساتویں بار مقبوضہ کشمیر میں نماز عید پر پابندی رہی، امریکی صدر اور آرمی چیف کی ملاقات کے حوالے سے آئی ایس پی آر کا بیان مفصل ہے، پاکستان اور امریکہ کے دہائیوں پرانے کثیر الجہتی تعلقات ہیں، پاکستان بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔

بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے کینیڈین انٹیلیجنس کی رپورٹ حیران کن نہیں،ایران کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، ایران میں رجیم چینج کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں جن پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا، پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹس ایران میں اپنے شہریوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کے لئے کئی روٹس استعمال کئے جا رہے ہیں، ایران سے فی الوقت 3 ہزار پاکستانی شہریوں کا انخلا ہو چکا ہے، ایران کے حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ سفارت کاری کی حمایت کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کے لئے ہر سفارتی کوشش کی حمایت کرتا ہے،پاکستان سکھ یاتریوں کے استقبال کے لئے تیار ہے، گرو ارجن دیو کی برسی کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں کوئی ویزا درخواست نہیں دی گئی،آئی اے ای اے کے تحت ایٹمی تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔