پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی سپانسرڈ خوارج کو ہلاک

دہشتگردوں کا تعلق اس نیٹ ورک سے تھا جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے، ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 10:40

پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی سپانسرڈ ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔ان دہشتگردوں کا تعلق اس نیٹ ورک سے تھا جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کاکہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی اور ہلاک ہونے والے خوارجیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا۔

(جاری ہے)

یکم اور 2 جولائی کی درمیانی رات بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی نقل و حرکت کا پتا چلا جس کے بعد فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب 1 اور 2 جولائی کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی رات بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ”فتنہ الخوارج“کی بڑی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز ہر فتنے پر قابو پانے کیلئے تیار ہیں، سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے مؤثر اقدامات کرے۔سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کسی ممکنہ تباہی سے بچالیا۔ افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین غیر ملکی پراکسیز کے ہاتھوں استعمال ہونے سے روکے۔ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فوج کے مستعد انٹیلی جنس نیٹ ورک اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور سرحدی خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔