Live Updates

یومِ آزادی 2025 ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جائیگا ، قوم کی جرات، اتحاد اور روشن مستقبل کی امید کو خراجِ تحسین

تمام تعلیمی ادارے، جامعات اور اسکولز ایک ہی طرز پر دن منائیں، صوبائی سطح پر اور بیرونِ ملک بھی وزارتِ اوورسیز کے تعاون سے یکساں تقریبات کا اہتمام کیا جائے، احسن اقبال قوم ایک ہے، متحد ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے، ہماری سول اور عسکری قوتیں شانہ بشانہ کھڑی ہیں، محسن نقوی تقریبات کے لیے خصوصی ملی نغمے، پروگرامز اور ایک دستاویزی فلم تیار کی جا رہی ہے، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کی گفتگو

منگل 8 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر امسال یومِ آزادی بھرپور قومی جذبے اور نئے عزم کے ساتھ منانے کے لیے ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی ایس پی آر، وزارتِ اطلاعات و نشریات، وزارتِ داخلہ، وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت، وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں یومِ آزادی کو عوام کے جذبات، خواہشات اور قومی فخر کا بھرپور عکاس بنانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال یومِ آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے تاکہ قوم کی جرات، ایمان اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ دن دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ پاکستان ایک سربلند، باوقار اور اپنی خودمختاری کے لیے پٴْرعزم قوم ہے، ہماری معاشی بحالی، دفاعی صلاحیت اور عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت کو تسلیم کیے جانے کی پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم محض بقا کی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ اپنی اصل صلاحیت کو حاصل کرنے کے سفر پر ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی ادارے، جامعات اور اسکولز ایک ہی طرز پر دن منائیں، صوبائی سطح پر اور بیرونِ ملک بھی وزارتِ اوورسیز کے تعاون سے یکساں تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔اجلاس میں وفاقی و صوبائی سطح پر تقریبات کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ مختلف شعبوں کے نمائندوں نے اپنی منصوبہ بند سرگرمیوں اور نئے خیالات سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک جامع منصوبہ اور اس کے لیے بجٹ تیار کیا جائے تاکہ تقریبات شایانِ شان ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک اور یومِ آزادی نہیں منا رہے بلکہ یہ ایک قومی احیا کا لمحہ ہے، ایسا لمحہ جو ہماری قوم کی استقامت، ریاست کے عزم اور پاکستان کے ایک باوقار، پٴْرامن اور بامقصد عالمی کردار کا مظہر ہے، دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ہم امن پسند قوم ہیں مگر اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے حالیہ دفاعی اقدامات ہماری پختگی، مضبوطی اور خطے میں امن قائم رکھنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ موقع ہے کہ ہم ’معرکہ حق‘ کی اس روح کو سلام پیش کریں جس میں ہماری مسلح افواج، شہری، حکومت اور تمام ادارے ایک ساتھ کھڑے ہوئے۔ آج مہنگائی میں کمی، برآمدات میں اضافہ، ڈیجیٹل گورننس اور جدت طرازی کے فروغ جیسے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اب وقت ہے کہ فوجی، معاشی، ثقافتی اور سائنسی ہر شعبے میں پاکستان کی کہانی دنیا کو فخر اور عزم کے ساتھ سنائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم ایک ہے، متحد ہے اور ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے، ہماری سول اور عسکری قوتیں شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ یہ تقریبات دنیا کو یہی پیغام دیں گی کہ ہم مضبوط اور متحد ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ تقریبات کے لیے خصوصی ملی نغمے، پروگرامز اور ایک دستاویزی فلم تیار کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر اس کی پذیرائی کو اجاگر کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے طلبہ اور اسکولز پورے جوش و جذبے سے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے کر دن کو یادگار بنائیں گے، جن میں مباحثے، مضامین نویسی، مصوری کے مقابلے اور کئی دیگر دلچسپ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تقریبات ہر پاکستانی کے دل کی آواز بنیں ظ شہروں سے دیہات تک، طلبہ سے فنکاروں تک، تاجروں سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں تک سب کو شامل کیا جائے۔

قومی نغمے، ڈرامے، مشاعرے، ثقافتی میلوں، عوامی اجتماعات، اسکولوں کے مقابلے اور سفارتخانوں میں سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کی کہانی دنیا کو سنائی جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ اس بار یومِ آزادی صرف یاد کا دن نہیں بلکہ اعلان کا دن ہو گا کہ پاکستان ایک بار پھر اپنے قدموں پر کھڑا ہے ظ اور اس بار بلند پرواز کر رہا ہے۔ حکومت نے ہر پاکستانی، بزرگ و نوجوان، کو دعوت دی کہ وہ ان تقریبات میں شامل ہو کر دنیا کو دکھائیں کہ ہم متحد قوم ہیں جو اپنے ماضی پر فخر اور اپنے مستقبل پر یقین رکھتی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات