کرن تھاپر کے ساتھ بلاول بھٹو کا انٹرویو ایک سفارتی کامیابی ہے، شرجیل انعام میمن

جمعرات 10 جولائی 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کرن تھاپر کو دئیے گئے انٹرویو کو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نہ صرف نوجوان قیادت کا نمائندہ ہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک باوقار عالمی آواز بھی بنتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے نہایت حساس موضوع پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ جس اعتماد، تیاری اور تدبر سے پیش کیا گیا وہ قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کرن تھاپر وہی صحافی ہیں جن کے انٹرویو کے دوران نریندر مودی مائیک اتار کر چلے گئے تھے لیکن چیئرمین بلاول نہ صرف ان کے سامنے ڈٹے رہے بلکہ گفتگو کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا، یہ انٹرویو صرف الفاظ کی ادائیگی نہیں بلکہ پاکستان کی موثر سفارتی نمائندگی تھا، جس کی آج کے عالمی منظرنامے میں شدید ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول کا یہ انٹرویو سیاسی بلوغت، نظریاتی پختگی اور بھرپور تیاری کا مظہر تھا، یہ صرف ایک میڈیا سیشن نہیں بلکہ پاکستان کی تاریخ، موقف اور وژن کی مکمل ترجمانی تھا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف ہمیشہ سے دہشت گردی، کشمیر اور بھارت سے تعلقات جیسے اہم معاملات پر واضح اور اصولی رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بلاول بولتے ہیں، تو وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک نظریہ، تاریخ اور عوامی جدوجہد کی زبان بولتے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان دفاعی نہیں بلکہ دلیل، اصول اور تاریخ کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی آگے بڑھا رہا ہے۔