Live Updates

پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا جانا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ ہمارے لئے ایک یادگار دن ہے،وزیردفاع خواجہ محمد آصف

بدھ 16 جولائی 2025 16:38

پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی  لسٹ سے نکالا جانا ایک اہم سنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالا جانا ایک اہم سنگ میل ہے، 2020 میں پی ٹی آئی حکومت کے وزیر ہوا بازی کے غیرذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے پابندی لگی، یہ فعل ملک کے خلاف ایک جرم تھا جو نہ صرف غلام سرور خان سے سرزد ہوا بلکہ اس کی ذمہ داری اس وقت کے وزیراعظم پربھی عائد ہوتی ہے جس سے اربوں روپے کے نقصان کے ساتھ ساتھ قومی وقار بھی مجروح ہوا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں قومی ہوا بازی کے شعبہ میں آج ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے اور برطانیہ کی ایئرسیفٹی لسٹ سے پاکستان کا نام نکل گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی پاکستان تحریک انصاف کے دور کے وزیر ہوا بازی غلام سرو ر خان کے ایک غیرذمہ دارانہ بیان سے لگی، اس کے پیچھے ان کا کیا مقصد کارفرما تھا انویسٹی گیشن صحافت سے وابستہ صحافیوں کو بھی چاہئے کہ وہ اس کی تحقیقات کریں کہ اس بیان سے قومی ایئرلائن کو کس قدرنقصان ہوا، پی آئی اے کا وقار مجروح ہوا، تارکین وطن یا ان کے لواحقین کی میتیں پاکستان آنی تھیں جس پر انہیں دیگر ایئرلائنزکے ذریعے لاکھوں ڈالر خرچ کرنا پڑ جاتے ہیں اور اب وہاں تارکین وطن نے اپنے عزیزواقارب کی میتوں کی تدفین کے لئے وہاں بندوبست تو کرلیا ہے لیکن پی آئی اے کو عمران خان اور غلام سرور خان نے مل کر نقصان پہنچایا جس سے پی آئی اے متروک قسم کی ایئر لائن بن کر رہ گئی تھی، یہ سب کچھ کیوں اورکیسے ہوا یہ پتہ لگانا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب جب یہ احسن قدم سامنے آیا ہے اور آپ ایئرلائنز کو آپریٹنگ لائسنس کے حصول کےلئے درخواست دے سکیں گے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کا ہماری ایئر لائنز اور سول ایوی ایشن پراعتماد کا مظہر ہے کہ ہمارا نام ایئر سیفٹی کی پابندی لسٹ سے نکالا گیا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس اقدام پر میں برطانیہ اور یورپی یونین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں،نادر ڈار ہماری سول ا یوی ایشن کے سربراہ ہیں، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس مقصد کےلئے نیک نیتی اورخلوص کے ساتھ کام کرتے ہوئے رکاوٹوں کو دور کیا اور یہ سلسلہ جاری رہا اور آج ہمیں یہ اچھی خبرسننے کو ملی ہے، سابقہ سیکرٹریز نے بھی ایئرسٹینڈرڈ سیفٹی کے معیارات کو پورا کرنے کےلئے دن رات محنت کی اور پوری دنیا میں ہماری ایئرلائن کی صنعت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم کوشش کررہے ہیں کہ امریکہ کےلئے پروازوں کی اہلیت کو پورا کرتے ہوئے اس ساکھ کو بحال کریں جس پر پابندی نہیں تھی لیکن پی ٹی آئی کے اس اقدام سے یہ ساکھ متاثر ہوگئی تھی ۔وزیر دفاع نے کہا کہ اگلے مرحلہ میں پی آئی اے کی نجکاری کرنے جارہے ہیں ، تمام انٹرنیشنل روٹس بحال کرکے جب نجکاری ہوگی تو اس کی ویلیو بڑھے گی اور حکومت کو زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی ریگولیٹرز کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے تین سال کے عرصہ میں ہماری رہنمائی کی جس کی بدولت ہم نے تمام سٹینڈرز پورے کئے، پی ڈی ایم کی ایک سالہ حکومت اور وزیراعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت کے اس عرصہ میں وزارت سول ایوی ایشن کو دوبارہ وزارت دفاع میں شامل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر دفاع میرا بھی ای تجربہ ہے کہ جو بھی ایئرلائن لے گااسے بنی بنائی عمارت کھڑی ملے گی، پی آئی اے کے ساتھ قوم کا جذباتی لگائو ہے اور اس کا کرایہ بھی کم ہے۔

وزیر دفاع نے ملک وقوم اور پی آئی اے کو مبارکباد دی کہ جس طرح یہ خوشی کی خبرملی ہے یہ ہمارے لئے ایک یادگار دن ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس سارے عرصہ میں بحالی کےلئے ایئرسیفٹی انسپکشنز مکمل کرائی گئیں اور یہ عمل جاری تھا اب جب ہمیں کلیئرنس مل گئی ہے، اب ہم زیادہ بہتر انداز میں تحقیقات کراسکتے ہیں،نئے جہاز آئیں گے اور پرائیویٹ سیکٹر موجودہ بیڑے کو اپ گریڈ کرے گا تو اس کا کاروبار بھی بڑھے گا، اس لمحہ پر ہمیں اس خوشی کومنانا چاہئے، حکومت چاہے گئی تو اس کی وقت آنے پر انکوائری کرائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر اور ایئربلیو کے علاوہ 4 گروپس نے بھی نجکاری کے عمل کے لئے خواہش کا اظہار کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات