ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قلات میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت

انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ماہرنگ بلوچ و دیگر حملہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں،چیئرمین ایم کیو ایم

جمعرات 17 جولائی 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہید امجد صابری قوال کے گروپ کے اراکین جس میں ان کے چھوٹے بھائی ندیم صابری و دیگر بھی شامل تھے ان پر کراچی سے کوئٹہ قوالی کے پروگرام کیلئے جاتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور تین قوالوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، چیئرمین ایم کیو ایم نے اس حملہ کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے معصوم نہتے انسانوں پر حملہ کر کے بزدلی کا ثبوت دیا ہے، انکا کہنا تھا کہ معصوم انسانوں کا خون بہانے والے شرپسندوں سے ہمدردی رکھنے والے انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ماہرنگ بلوچ و دیگر دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کریں، مرکزی کمیٹی نے مزید کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اس قسم کی بزدلانہ کارروائی کر کے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، مہاجر قوم اور تمام پاکستانی اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک لڑیں گے۔

(جاری ہے)

مرکزی کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے قوال و دیگر افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے،زخمیوں کے مکمل علاج و معالجہ کا بندوبست کریں اور قوال حضرات کا جو بھی نقصان ہوا ہے اس کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔