وفاقی حکومت کا افغان پی او آر کارڈ ہولڈرز کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ

وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات چلانے کے لیے افسر کی تعیناتی زیرغور ہے، محسن نقوی غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں،پی ٹی آئی 5اگست کے احتجاج کی تیاری کرے پھر ہم بھی کر لیں گے ، وزیر داخلہ کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 18 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے افغان پی او آر کارڈز ہولڈرز کو توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے،وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات چلانے کے لیے افسر کی تعیناتی زیرغور ہے، غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں،پی ٹی آئی 5اگست کے احتجاج کی تیاری کرے پھر ہم بھی کر لیں گے ۔

اسلام آبا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے، اس کے ساتھ کئی معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی غیرملکی کو رہنے نہیں دیا جائے گا، جو غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہو ان کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی اور پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانوں کو کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ ایران نے دو ہفتوں میں 3لاکھ افغانیوں کو ملک بدر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مونال اسلام آباد کا ایک انتہائی خوبصورت مقام تھا، مونال والی جگہ پر بہت اچھی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 133 غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیاںبن رہی ہیں، غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ میں مسلح اداروں کے معاملات چلانے کے لیے ایک افسر کی تعیناتی زیرغور ہے، یہ افسر حاضر سروس ہوگا یاریٹاٹرڈ ابھی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اردوان فلائی اوور کی ایک سڑک محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کھدائی کے باعث خراب ہوئی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں اسموگ کا خطرہ موجود ہے، اسلام آباد میں3،4 سال بعد اسموگ آسکتا ہے جس سے نمٹنے کے لییکوشش کررہے ہیں، اسلام آباد میں گرین ایریا کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کو ایس ایچ او سے کنٹرول کرنے کی بات اصطلاحا کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران-اسرائیل جنگ رکوانے میں وزیراعظم اور آرمی چیف نے کردارادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بھی پاکستان کی تعریف کررہے ہیں، چین بھی اور دیگر ممالک بھی، تو ہم کس کے ساتھ ہیں، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، یہ اچھی بات ہے کہ سب ہماری تعریف کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے 5اگست احتجاج سے نمٹنے بارے سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی والے تیاری کرلیں پھر ہم بھی کرلیں گے۔