Live Updates

سینٹ نشستوں کی طرح عمران خان، اہلیہ سمیت تمام اسیران کی رہائی کیلئے بھی راستہ نکالا جائے

عمران خان اس وقت ڈٹ کر کھڑے ہیں، انشااللہ قوم بھی انہیں مایوس نہیں کرے گی، تمام اسیران دو سال سے ناحق قید میں ہیں، رہنماء پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 جولائی 2025 19:53

سینٹ نشستوں کی طرح عمران خان، اہلیہ سمیت تمام اسیران کی رہائی کیلئے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جس طرح سینٹ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوںکے ساتھ بیٹھا گیا اور سینٹ کی نشستوں کے معاملے پرراستہ نکالا گیااسی طرح عمران خان اور بشری بی بی اور تمام اسیران جمہوریت کی رہائی کے لیے بھی راستہ نکالا جائے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام اسیران تقریباً دو سال سے ناحق قید میں ہیں، جو لوگ عمران خان کے نام پر سینٹ پر پہنچے ہیں اور اسمبلیوں میں بیٹھے اقتدار کے مزے لوٹ رہے جنہیں عمران خان نے راتوں رات گمناہی سے نکال کر قومی سطح کا لیڈر بنا دیا ہے، ان سب پر عمران خان کی رہائی کا قرض ہے اور انہیں یہ قرض چکانے کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خراب کھانے اور بدترین حالات کی وجہ سے بشری بی بی کی جیل میں متعدد بار طبیعت خراب ہوچکی ہے ،انہیں گزشتہ ہفتے بھی اپنے خاندان کے افراد سے ملنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ عمران خان، ان کی اہلیہ اور تحریک انصاف سے وابستہ قیدیوں کے بنیادی حقوق تک معطل کردئیے گئے ہیں، بشری بی بی پر یہ تمام مظالم صرف اس لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ عمران خان کو توڑا جا سکے اور اس جعلی نظام کو عوام پر مسلط رکھا جا سکے،عمران خان اس وقت ڈٹ کر کھڑے ہیں لیکن وہ اپنی پارٹی اور قوم کی طرف دیکھ رہے ہیں اور انشااللہ یہ قوم انہیں مایوس نہیں کرے گی۔

دوسری جانب نو مئی کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے مقدمہ میں سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، سزا کی وجہ سے ممکنہ طور پر ان کی نااہلی ہوگی جس کے نتیجے میں وہ ڈی سیٹ ہو جائیں گے اور یہ نشست خالی ہو جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ موسیٰ خیل میانوالی پولیس سٹیشن کے نو مئی کے کیس میں انسداد دہشت گردی سرگودھا نے اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی سے متعلقہ 32 ملزمان کو بھی دس دس سال قید کی سزا سنا دی۔ اس سے پہلے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت بھی نو مئی کے واقعات سے متعلق ایک مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عبدالطیف، سابق رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 افراد کو 10 سال قید کی سزائیں سنا چکی ہے، اس کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے یہ سزائیں تھانہ رمنا پر حملے کے مقدمے میں سنائیں جو 10 مئی 2023 کو درج کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات