مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کا سابق گورنر پنجاب اور رکن قومی اسمبلی میاں محمد اظہر کو خراج عقیدت

پیر 4 اگست 2025 21:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے سابق گورنر پنجاب اور رکن قومی اسمبلی میاں محمد اظہر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انتقال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میاں محمد اظہر سے میرا ایک دیرینہ تعلق تھا، گورنمنٹ کالج میں وہ میرے سینئر تھے، انہوں نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی اور میرے ساتھ ہمیشہ ذاتی طور پر وہ شفقت فرماتے تھے، اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔

پیپلز پارٹی کے رکن راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میاں محمد اظہر مرحوم کی وفات پر ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، وہ ایک کہنہ مشق سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیشہ اعلیٰ روایات قائم کیں، وہ ہر لحاظ سے اچھی روایات کے امین تھے، اﷲ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وہ ایک زیرک اور کہنہ مشق سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیشہ سیاست میں وضع داری کا اصول قائم رکھا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی نچلی سطح یعنی بلدیاتی اداروں سے انہوں نے سیاست کا آغاز کیا، ان کا بلدیاتی اور نچلی سطح کی جمہوریت کیلئے جو کردار تھا ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، عثمان بادینی، علی محمد خان، ملک عامر ڈوگر، سردار لطیف کھوسہ، خواجہ شیراز محمود، شہریار آفریدی، حمید حسین، ثناء اﷲ مستی خیل، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑاور محمد علی سرفراز نے بھی میاں محمد اظہر مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ انہیں جوار رحمت جگہ عطاء فرمائے۔