کشمیریوں کے عزم، قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ، شرجیل انعام میمن

منگل 5 اگست 2025 21:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائی، بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے، ہم ان کے عزم، قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ 5اگست 2019کا دن تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے،5اگست 2019 مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کی شناخت، حقوق اور آزادی پر شب خون مارا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو اورآج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک، کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا مرکز رہا ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، عالمی برادری کی خاموشی بھارتی غیرانسانی عمل کو تقویت دے رہی ہے، جو قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے، آج کے دن ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔