پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے سردارسربلند جوگیزئی

قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے ہزار سال تک لڑنے کا عزم کیا تھا،پی پی رہنما

منگل 5 اگست 2025 23:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے غیر آئینی اور غاصبانہ اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ مودی حکومت کے اس اقدام نے نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کو بھی پامال کیا بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں آبادیاتی تبدیلی، من مانی حلقہ بندیاں، غیر کشمیریوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرنا اور باہر کے افراد کو ڈومیسائل دینا، ایک گھناؤنی سازش کے تحت کشمیری شناخت مٹانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتی ہے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے ہزار سال تک لڑنے کا عزم کیا تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ان کا مقدمہ لڑا، اور صدر آصف علی زرداری نے اقوامِ متحدہ سمیت بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیر خارجہ کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عہد کی تجدید کا پیغام دیتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کو ہر سطح پر سپورٹ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت کا حق دلائیں۔