عوامی کمیٹیوں کے ذریعے شہر کراچی میں عوامی خدمت کا انقلاب برپا کریں گے، منعم ظفر خان

پیر 11 اگست 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ عوامی کمیٹیوں کے ذریعے شہر کراچی میں عوامی خدمت کا انقلاب برپا کریں گے، شہری عوامی کمیٹیوں کو حصہ بن کر حق دو کراچی تحریک کو توانا کریں، عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے پریشان ہیں اس لیے حافظ نعیم الرحمن کی جانب عوامی کمیٹیوں کا استقبال کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کے شہر کے وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے، یوم آزادی پر اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ مملکت خداد اد جس مقصد کلمہ طیبہ کی سربلندی کے لیے حاصل کیا گیا تھا اس کے نفاذ کی بھر پورجدوجہد کریں گے،علامہ اقبال نے اس مملکت کا خواب دیکھا اور قائد اعظم نے اسی خواب میں رنگ بھرنے کا نعرہ لگایا،جس پر ملت اسلامیہ نے تمام تر مسلکی، نسلی، زبانی تعصبات کو بالائے طاق رکھ کر تحریک پاکستان میں حصہ لیا،اس تحریک کا مقصد کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ایک ایسی ریاست کا قیام تھاجہاں انصاف کا بول بالا ہو،لیکن افسوس آج تک اس عدل و انصاف کے نظام کے لیے ہماری آنکھیں ترس رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انگریز تو یہ ملک چھوڑ کر چلے گئے لیکن انہی انگریزوں کے غلام آج بھی ہم پر مسلط ہیں، جنہوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے،ہر طرف کرپشن ہے جھوٹ ہے دھوکے بازی ہے، لوٹ مار ہے فراڈ، سب اپنے بینک بیلنس اور تجوریاں بھر نے میں لگے ہیں،باری باری سب نے حکمرانی کی لیکن ملک و قوم کا کسی نے نہیں سوچا، جب تک یہ نظام نہیں بدلے گا،کسی قسم کی کوئی تبدیلی آنے والی نہیں۔

منشیات فروش مافیا نے ہمارے نوجوانوں کو تباہ کردیا، عوامی کمیٹیوں کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں سے منشیات فروشی کا خاتمہ کرنے کے لیے کمر کس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی کے تحت یوسی 4مومن آباد بجلی نگر میں ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونشن سے امیر ضلع ڈاکٹر نورالحق، نائب امیر ضلع نذر محمد برکی، سیکرٹری ضلع راشد خان، ڈپٹی سیکرٹری نور النویز، ناظم علاقہ احتشام الحق و دیگر علاقہ معززین نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر عوامی کمیٹیوں کے نومنتخب ذمے داران و ممبران سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نو منتخب ذمے داران سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔ منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کے بیشتر لوگ محنت مزدوری کرکے جی رہے ہیں، ان کو بنیادی سہولیات میسر نہیں،ہر علاقے میں بے شمار مسائل ہیں، پانی بجلی، گیس پورے شہر کا مسئلہ ہے، شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، منشیات پورے شہر میں عام ہوگئی ہے منشیات فروشی کا دھندا عروج پر ہے۔

جماعت اسلامی خاموش نہیں رہے گی ہمارے بچوں کو تباہ کیا جارہا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا، جدوجہد تیز کرنا ہوگی، حافظ نعیم الرحمن نے عوامی کمیٹیوں کا جو ٹاسک دیا ہے اس کے لیے نوجوانوں کو جمع کرنے کی ضرورت ہے، ہر گلی کی سطح پر کمیٹی بنائی جائے، لوگ ہمارا ساتھ دیں اجتماعی جدوجہد سے ہم اپناحق حاصل کرسکتے ہیں، منظم ہوکر جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں گے تو اہل اقتدار ہمیں ہمارا حق دینے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ ہر گلی ہر محلہ ہر گھر تک پہنچ جائیں عوام کو جمع کریں جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں،انہیں سمجھائیں کہ منشیات سے نجات کے لیے جمع ہونا ہوگا، ورنہ ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ ہوجائے گا، کھیلوں کے میدان آباد کریں، صحت مند سرگرمیوں کا آغاز کریں اور اپنا جائزہ لیں، بنیادی مسائل کے حل کے لیے، اس وقت شہر میں جماعت اسلامی ہی خدمت انجام دے رہی ہے، ہمارے منتخب بلدیاتی ممبران نے اپنے اپنے ٹانز کا نقشہ بدل دیا، پیپلز پارٹی 17سال سے اس صوبے پر مسلط ہے، انہوں نے شہر میں جن ٹانز اور یوسیز پر قبضہ کیا ہے ان کی حالت زار پر رحم آرہا ہے، عوام دیانتدار اور ایماندار قیاد ت کو منتخب کریں ہم نے آپ کو ہمیشہ ایماندار اور دیانتدار پیش کیے ہیں جب جب اس شہرکی خدمت کا موقع ملا ہے ہم نے اس کی بے لوث خدمت کی ہے خواہ وہ عبد الستار افغانی کی شکل میں ہو یا نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی شکل میں، ہمارے رہنماں نے شہر میں ترقیاتی کام کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

کنونشن کے اختتام پر منعم ظفر خان نے دعا کرائی۔