معرکۂ حق سے پاکستان اور گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، فرح ناز

جمعرات 14 اگست 2025 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ادارہ نظریہ پاکستان، پاکستان کلچرل فورم اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ( پی این سی اے) کے زیر اہتمام یومِ آزادی کی ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی فرح ناز، چیئرمین پاکستان کلچرل فورم ظفر بختاوری اور چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن ظفر بختاوری تھے،سٹیج سیکرٹری کے فرائض شہباز چوہان نے سر انجام دیئے۔

تقریب میں کیک کاٹا گیا، قومی ترانہ ،ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےرکن قومی اسمبلی فرح ناز نے کہا کہ معرکۂ حق سے پاکستان اور گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنا مستقبل پاکستان میں دیکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی پر اپنے ملک میں تھوتھو ہو رہی ہے، وہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکے ہیں اور اب ان کی حکومت برقرار رہنا مشکل ہو گیا ہے۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ معرکۂ حق میں عسکری و سیاسی قیادت نے بہترین حکمت عملی سے اپنے سے چار گنا بڑے دشمن کو شکست دی، ہم سب فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن ہماری خواہش ہے کمزوری نہیں، ہماری بہادر فوج نے 1971 کی جنگ کا بدلہ چکا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، انہیں ہنر مند بنا کر روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

جنگ صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ قومی جذبے سے بھی جیتی جاتی ہے۔ احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستانی افواج نے اپنی طاقت اور صلاحیت ثابت کر دی ہے، بھارت کے 6 طیارے گرائے گئے حالانکہ 30 بھی گرائے جا سکتے تھے۔ یہ سبق دیا کہ دشمن میلی آنکھ سے نہ دیکھے ورنہ خمیازہ بھگتے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے جلد بدامنی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، بزنس کمیونٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس سال کا جشن آزادی معرکۂ حق کے طور پر منا کر افواج سے محبت کا منفرد اظہار کیا گیا ہے۔

آج لاہور میں بھی یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی جشن آزادی کی ایک بڑی تقریب منعقد کر رہے ہیں ۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب جرائم کا خاتمہ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ میرا کام دنیا میں پاکستان کا درست امیج پیش کرنا ہے، پاکستان ہماری عزت ہے اس بقا و سلامتی کے لیے فوج کے ساتھ سب کو کھڑا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد دنیا میں بڑی تبدیلی آئی ہے، داخلی استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا اور وزیراعظم کی ’’استحکامِ پاکستان‘‘ کی دعوت بہترین ہے۔ نفرتیں ختم کرکے ملک کو آگے بڑھانا ہوگا۔ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل اور عسکری قیادت نے دشمن کو مؤثر جواب دیا، پاک بھارت جنگ کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا ہے۔

آزادی بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کشمیری اور فلسطینی عوام سے پوچھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے چین، ترکیہ اور آذربائیجان کو ہر مشکل وقت کا ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میثاقِ استحکامِ پاکستان وقت کی ضرورت ہے۔امریکا کی طرف سے نئی دوستی کی پیشکش کو خوش آمدید کہنا چایئے۔ تقریب سے ملک ندیم ککزئی سابق صدر سمال چیمبر،ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی روحیل انور بٹ،ایگزیکٹو ممبر سمال چیمبر ظریف خان اور ممتازکاروباری شخصیت سہیل چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں خالد چوہدری ،نثار مرزا ،بابر چوہدری سمیت بزنس کمیونٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔