مخدوم سید احمد محمود اور عبدالقادر شاہین کی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد

جمعہ 15 اگست 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعلیٰ قومی اعزاز نہ صرف بلاول بھٹو زرداری کی شاندار قیادت کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اس وژن اور تاریخی جدوجہد کا تسلسل بھی ہے جو بانی پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے وطنِ عزیز کے لیے کی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کم عمری میں سیاست کا آغاز کر کے مشکل ترین حالات میں جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔ بطور وزیرِ خارجہ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو جرات مندانہ اور موثر انداز میں پیش کیا، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا۔پارٹی رہنماؤں نے مزید کہا کہ نشانِ امتیاز دراصل پوری قوم کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی انتھک محنت، جمہوری سوچ اور عوامی خدمت کے جذبے کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز ہر جیالے کے لیے فخر اور خوشی کا لمحہ ہے ۔