Live Updates

ْخوف یا نفرت کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے‘رانا ثناء اللہ

منگل 19 اگست 2025 18:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور نفرت یا خوف کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ڈائیلاگ کے ذریعے بات کرنے کی حامی رہی ہے اور آج بھی ہر کسی کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہے، عمران خان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کیے جاسکتے بلکہ مذاکرات ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں۔

انہوں نے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پنجاب سے جنرل نشست کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) لاہور و رکن قومی اسمبلی ملک سیف المکوک کھوکھر اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی شدید ضرورت ہے اور سب سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کو اپنے آبا اجداد کے خواب کے مطابق بنا سکیں۔

(جاری ہے)

مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 14اگست کو یوم آزادی کے موقع پر میثاق استحکام کا اعلان کیا، جسے معرکہ حق کی کامیابی کے طور پر بھی منایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی قیادت میں میثاق استحکام کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔رانا ثنا اللہ نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ایٹمی طاقت کا درجہ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں حاصل کیا تھا اور اب استحکام کا خواب بھی حقیقت بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ نفرت کی سیاست کرتے آئے ہیں، انہوں نے اور قوم نے دیکھا ہے کہ اس سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوتا اور مستقبل میں بھی یہ سیاست کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی مسائل کا حل صرف تمام جماعتوں کے درمیان بات چیت سے ممکن ہے، نہ کہ خوف یا دھمکی کے ماحول سے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ڈائیلاگ کے ذریعے بات کرنے کی حامی رہی ہے اور آج بھی ہر کسی کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اگر کوئی جماعت ڈائیلاگ میں شریک نہیں ہوتی تو اس کی ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کیے جاسکتے بلکہ مذاکرات ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات