نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

بدھ 20 اگست 2025 22:39

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی افغانستان کے قائم مقام وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے چھٹے سہ فریقی اجلاس کے موقع پر افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ملاوی امیر خان متقی سے دوطرفہ ملاقات کی، دونوں وزراء نے اپنے ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے 21 مئی 2025ء کو بیجنگ میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے دوران طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں سفارتی نمائندگی کے درجہ میں چارج ڈی افیئرز سے سفیر کے درجہ تک ہونے والی ترقی کا خیرمقدم کیا۔ حالیہ پیش رفت بشمول نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے 19 اپریل 2025ء اور 17 جولائی 2025ء کو کابل کے دوروں اور 21 مئی 2025ء کو بیجنگ کے اجلاس پر غور کرتے ہوئے وزراء نے مثبت پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ ان ملاقاتوں کے بیشتر فیصلے یا تو نافذ کر دیئے گئے ہیں یا ان کی تکمیل قریب ہے۔

(جاری ہے)

ان کوششوں سے پاک-افغان تعلقات خاص طور پر تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں نمایاں مضبوطی آئی ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سیاسی اور تجارتی تعلقات میں حوصلہ افزاء پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے شعبہ خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت ابھی مطلوبہ رفتار سے ہونا باقی ہے۔ انہوں نے افغان سرزمین سے کام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردانہ حملوں میں حالیہ اضافہ کی طرف توجہ دلائی اور افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)/مجید بریگیڈ جیسے گروہوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کریں۔

افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے اس عزم کی تجدید کی کہ افغانستان اپنی سرزمین کو کسی بھی دہشت گرد گروہ کے ذریعہ پاکستان یا دیگر ممالک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دے گا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے افغان حکام کی پرخلوص مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور چھٹے سہ فریقی ڈائیلاگ کی کامیاب میزبانی پر انہیں مبارکباد دی۔