�تمبر فخر، جرات و پختہ عزم کی علامت ہے، بلاول بھٹو

جب مقصد حق پر مبنی ہو تو یقین محکم، حوصلے اور عزم میں متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فتح معرکہ حق کے ذریعے پاکستان کے عوام نے اپنی اتحاد و یکجہتی اور مسلح افواج نے اپنے عزم و بہادری سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے آبا اجداد کا وہ حب الوطنی کا جذبہ آج بھی ہماری رگوں میں پوری شدت کے ساتھ رواں دواں ہے جس کا مظاہرہ انہوں نے 1965ء کی جنگ میں کیا تھا۔

یوم دفاع پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 6ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جو فخر، جرات اور پختہ عزم کی علامت ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان کے جانباز سپاہیوں نے پوری قوم کی غیرمتزلزل طاقت کے ساتھ ایک ایسی بڑی دشمن فوج کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہو گئے جو تعداد میں زیادہ مگر جذبے میں کمزور تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کی روح ابدی ہے، جو ہمیں سکھاتی ہے کہ جب مقصد حق پر مبنی ہو تو یقین محکم، حوصلے اور عزم میں متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی مسلح افواج اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1965ء کی جنگ کے دوران وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے پاکستان کی پرعزم آواز دنیا بھر میں بلند کی، اور بعد ازاں بطور وزیرِاعظم پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

اسی طرح شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام کو بااختیار بنا کر، میزائیل ٹیکنالاجی سمیت جدید دفاعی اقدامات متعارف کرا کے اور جمہوری اتحاد کو فروغ دے کر ملک کو مضبوط کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کو بے مثال تعاون فراہم کیا، جس سے پاکستان کی استقامت کو عالمی سطح پر مستحکم کیا گیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے اتحاد، استقامت اور قومی یکجہتی کے عہد کو تازہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو دہشت گردی، انتہا پسندی، معاشی مشکلات اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتح معرکہ حق ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ یہ جدوجہد صرف سرحدوں تک محدود نہیں، بلکہ یہ غربت، ناانصافی اور عدم مساوات کے خلاف بھی ہے۔ جس طرح ہم نے 1965میں کامیابی حاصل کی تھی، اسی طرح آج بھی متحد ہو کر ہم ہر آزمائش پر قابو پا سکتے ہیں اور اپنی قوم کے لیے ایک روشن مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 1965کی جنگ کے شہدا، دہشت گردی کے خلاف اپنی جانیں قربان کرنے والے جانبازوں کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی دائمی طاقت، وحدت اور کامیابی کے لیے دعا کی۔