Live Updates

دہشت گردی کے واقعات عوام کو خوف زدہ نہیں کرسکتے، بلوچستان کے عوام بہادر اور جری ہیں ، سرفراز بگٹی

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:35

ًکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات عوام کو خوف زدہ نہیں کرسکتے، بلوچستان کے عوام بہادر اور جری ہیں جو ہمیشہ امن و ترقی کے دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بناتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیر اعلی نے سریاب روڈ دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نہ کوئی قوم ہے نہ کوئی قبیلہ، ان کا مقصد صرف خون خرابہ اور بدامنی پھیلانا ہے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جاررہی ہے حکومت ہر حال میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیر اعلی نے کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کا حق سب سیاسی جماعتوں کو حاصل ہے لیکن تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے سردار اختر مینگل پر حملے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تھی بلکہ اپوزیشن لیڈر یونس زہری سے صرف سیاسی قیادت کو درپیش خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گرد انٹرنیٹ کو اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں، اسی لئے بعض اوقات یہ اقدام ناگزیر ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ صوبے میں سیاسی جماعتوں کو اپنے جلسے مغرب تک ختم کرنا ہوں گے تاکہ امن و امان اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ زیارت میں قبائلی جھگڑا ختم کرنے کے لئے جرگہ بلایا جا رہا ہے تاکہ مقامی مسائل کو باہمی اتفاق رائے سے حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور فی الحال بلوچستان کو سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے وزیر اعلی بلوچستان نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے پاکستان کے عالمی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ تاثر دے رہے تھے کہ پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہے وہ آج مایوس ہو گئے ہیں دنیا ہمیشہ فاتح کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے وزیر اعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کی جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اس موقع پر صوبائی وزرا بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، سردار کوہیار خان ڈومکی و دیگر بھی موجود تھی
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات