پی ٹی آئی کے بعض اراکین سینیٹ الیکشن میں مجھے ووٹ دینا چاہتے تھے، رانا ثناء اللہ

منگل 9 ستمبر 2025 16:02

پی ٹی آئی کے بعض اراکین سینیٹ الیکشن میں مجھے ووٹ دینا چاہتے تھے، رانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا سینیٹ الیکشن میں بائیکاٹ دراصل "راہ فرار" ہے، کیونکہ ان کو اپنے ہی اراکین پر اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا اعلان کیا لیکن کاغذات نامزدگی جمع کروائے، پراسیس مکمل کیا اور پھر عدالت چلے گئے، یہ بائیکاٹ نہیں بلکہ ناکامی چھپانے کا حربہ ہے۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعض اراکین مجھے ووٹ دینا چاہتے تھے مگر میں نے انہیں کہا کہ اپنی جماعت کو ووٹ دیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں گالیوں اور الزام تراشی کے کلچر کو فروغ دیا، جبکہ وہ ملک میں انتشار اور انارکی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے کون سی قوتیں ہیں اور کون ان کو سہولت دیتا ہے، یہ سوال سب کو سوچنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست بات چیت سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈ لاک سے نہیں۔رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے "میثاقِ استحکام پاکستان" کو ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کی مشترکہ کامیابی قرار دیا اور کہا کہ "معرکہ حق" میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے سینیٹ الیکشن کو نہیں روکا بلکہ معاملہ سبجیکٹ ٹو کورٹ قرار دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں اور فول پروف سکیورٹی ملنی چاہیے۔علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔