ادھمپور میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری، لوگ خوف وہراس کا شکار، سوشل میڈیا صارفین کے خلاف کریک ڈائون، متعدد افراد گرفتار

اتوار 21 ستمبر 2025 23:30

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے ڈوڈہ ادھمپور پور سرحد کے ساتھ سیوج دھر جنگلاتی علاقے میں آج دوسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تلاشی آپریشن بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے مشترکہ طورپر شروع کر رکھا ہے۔

آپریشن میں ڈرون کیمروں اور سراغ رساںکتوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔فورسز نے مقامی لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ آپریشن کی وجہ سے لوگ سخت خوف ودہشت کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی پولیس کے” کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر یونٹ “(سی آئی کے )نے کشمیری سوشل میڈیا صارفین اور کارکنوں پر نام نہاد دہشت گرد نیٹ ورکس سے روابط کا الزام لگا کر نشانہ بنایا ہے۔

”سی آئی کے“ اہلکاروں نے سری نگر، بارہمولہ، اسلام آباد اور دیگر اضلاع میں آٹھ مقامات پر تلاشی لی اورکم از کم سات افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ۔ چھاپوں کے دوران موبائل فون اورلیپ ٹاپ قبضے میں لیے گئے ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے کشمیریوں کو انکی املاک سے محروم کرنے کا مذموم سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جموں کے علاقے توی وہارمیں فردوس احمد بٹ نامی ایک کشمیری کا دو منزلہ گھر کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کرلیا ۔

گھر کی مالیت تقریبات 2کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ غیر قانونی طور پر نظر بند بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر عبدالرشید نے بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کے خلاف دہلی کی تہاڑ جیل میں 48 گھنٹے کی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔کپواڑہ میں کنٹرول لائن پر تعینات بھارتی فوج کا ایک میجر علالت کے باعث مر گیا۔