Live Updates

معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں،یوسف رضا گیلانی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے، معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کر رہے ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پشاور میں منعقدہ پاکستان بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے طریقوں کو دریافت کرنے کے لیے اس سمٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی دونوں طرح کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، کیونکہ حکومت کاروبار کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی جو ملک کی کل آبادی کا تقریبا 60 فیصد ہے، اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ان کی صلاحیتوں کو پہچاننے میں مدد فراہم کرنا خوشحال مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سیاحت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور یاد دلایا کہ بطور وزیر سیاحت اپنے دور میں انہوں نے خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مالم جبہ چیئر لفٹ قائم کی تھی۔دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی جنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ جب بات چیت ناکام ہو گئی تو حکومت کے پاس سخت کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف کھڑے ہوئے تو پوری دنیا نے پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے 2.5 ملین سے زائد اندرون ملک بے گھر ہونے والے افراد کو 90 دنوں کے اندر کامیابی کے ساتھ دوبارہ آباد کیا گیا جو ایک قابل ذکر انسانی کوشش تھی جسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔یوسف رضا گیلانی نے اپنے ذاتی مصائب جس میں دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنے بیٹے کے اغوا کے معاملہ پر کا بھی حوالہ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں جو اس کے عوام، مسلح افواج، پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور نے دی ہیں، انہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بطور وزیر اعظم میں نے 14 سالہ ملالہ یوسفزئی کو عالمی شہرت ملنے سے بہت پہلے اپنے دفتر میں مدعو کیا اور تعلیم کے لیے ان کے حوصلے اور عزم کے اعتراف میں انہیں قومی امن ایوارڈ سے نوازا۔

سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیہ، عقیدہ، ثقافت اور تاریخ کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کو "جڑواں بھائی" قرار دیا اور کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ افغانستان کی زمین کبھی بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ انہوں نے افغانستان کے ساتھ ساتھ چین، روس اور ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور مکالمے کی کوشش کی ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی اور کشمیر، سیاچن اور دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کے لیے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ قومیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھتی ہیں اور یکجہتی اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مزید غلطیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تجربات سے سیکھا ہے، اب ہمیں امن، استحکام اور ترقی پر مبنی مستقبل تعمیر کرنا ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون کے ساتھ ساتھ پائیدار علاقائی امن، پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور اس کے عوام کے لیے زیادہ خوشحال مستقبل کی تخلیق میں مدد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور کاروباری برادری کے اراکین بھی موجود تھے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات