Live Updates

وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے، ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے، سعید غنی

پیر 6 اکتوبر 2025 14:45

وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے، ن لیگ پہلے معاملات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہاہے کہ وفاقی حکومت کو قانون سازی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے، ن لیگ پہلے معاملات آپس میں طے کر لے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان کے لیڈرز کیا کہتے ہیں، پنجاب حکومت اگلے روز کچھ اور کہہ دیتی ہے اور معاملات کو خراب کرتی ہے۔

پنجاب حکومت کس کو مشکل میں ڈال رہی ہی صوبائی وزیرنے کہا کہ شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی تعریف کی، ہم یہ نہیں چاہیں گے کہ حکومت سے نکلنے کے بعد معاشی بحرانی کیفیت پیدا ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے بڑا کوئی پیمانہ نہیں ہوتا، پیپلز پارٹی کے کامیاب ارکان پر فارم 47 کا الزام نہیں، مسلم لیگ ن کے لوگوں پر فارم 47 کے الزامات ہیں، سندھ کی اکثریت پیپلز پارٹی سے مطمئن ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں جب سیلاب آیا تو میں گلا کر رہا تھا کہ بڑا سیلاب آیا اور سب چھوٹی چھوٹی چیزوں میں لگے ہوئے تھے، سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کہہ رہی ہیں کہ میرا پانی میری مرضی، بھئی آپ کا پانی نہیں ہے، پانی ہمارا بھی ہے، آپ کی صرف حکومت ہے، نہ پنجاب آپ کا ہے، نہ پانی آپ کا ہے، نہ پیسہ آپ کا ہے، آپ کی پنجاب میں حکومت ہے اور آپ اس کی بات کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جب نہریں بنانے کی بات ہو رہی تھی تب بھی پنجاب میں پانی کی کمی تھی، ہم نے اس وقت بھی پوچھا تھا کہ پنجاب میں 39 فیصد پانی کی کمی ہے اگر آپ نئی نہریں بنائیں گے تو پنجاب اپنا پانی کہاں سے نکالے گا سندھ میں پانی کی کمی دہائیوں سے ہے۔وزیر محنت نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری نے پنجاب کا دورہ اور سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی، انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں کی، بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کی تعریف کی اور وزیراعظم سے سیلاب متاثرین کی مدد کی درخواست کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اسباب کے ذمے داران میں بڑی بڑی طاقتیں ہیں، ہم ذمے دار نہیں، جو طاقتیں موسمیاتی تبدیلی کے اسباب کی ذمے دار ہیں وہ ہمیں کمپنسیٹ کریں، وہ اگر کہہ رہے ہیں موسمیاتی تبدیلی کے ذمے دار ممالک ہماری مدد کریں، تو اس میں کون سی بری بات ہے۔ ہم نے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا اور ہمیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارے معاملات درست چل رہے ہیں تو کیا وجہ ہے کہ ایسی صورتِ حال پیدا کی جارہی ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق میں ناراض ہو جائے، کل عظمی بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو جب وزیر خارجہ تھے تو وہ سازشیں کر رہے تھے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اس بات کی وضاحت شہباز شریف کریں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تو بلاول بھٹو کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے کہ کتنے کامیاب وزیر خارجہ ہیں، پاکستان تنہائی کا شکار تھا، بلاول بھٹو زرداری نے آئیسولیشن سے نکالا، شہباز شریف اس بات کی وضاحت کریں کہ اگر بلاول بھٹو نے ان کے خلاف سازش کی ہے تو کیا سازش کی ہی وزیراعظم کیا کریں گے، کیا وہ پنجاب کی حکومت کو جھوٹا قرار دیں گے یا بلاول کی تعریف کریں گی!
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات