Live Updates

پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کے حوالے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا

پیر 13 اکتوبر 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی اداروں کے حوالے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس 3 گھنٹے 42منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پر پاک افغان جنگ میں پاک افواج کے شہدا اور شہید ایس ایچ او ، سردار غضنفر علی لنگا ہ کے بھائی اور میاں مرغوب کی اہلیہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی توجہ دلانا چاہتا ہوں، آج پنجاب کے اندر امن و امان کی صورتحال خراب ہے، آج تمام حکومتی بزنس معطل کرکے پنجاب میں امن و امان پر بات کی جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی جماعت سے درخواست کرتے ہیں کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، ہم بات کرنے کے لیے تیار ہیں، ایک مذہبی تنظیم کو انتشار پھیلانا زیب نہیں دیتا، پولیس اور سکیورٹی کے لوگوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، ایک انسپکٹر شہید ہو چکا ہے یہ طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے، اس واقعے کو اپوزیشن نو مئی سے نہ ملائے ، نو مئی کو پاکستان پر حملہ کیا گیا تھا۔

نو مئی وہ دن تھا جب پاکستان و ریاست پر حملہ کیا گیا۔ نو مئی پر بھارتی میڈیا نے کہاکہ وہ ایک سیاسی جماعت نے کردیا جو ہم چاہتے تھے، دفاعی و عسکری اداروں ،جناح ہاؤس اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا، نو مئی والوں کو قرار واقعی سزا ملے گی، پی ٹی آئی دور میں تحریک لبیک نے پاکستان کو بند کیا تھا تب بھی ان کے بارہ لوگوں کو شہید کیاگیا اس کا لہو کہاں تلاش کریں؟ ہم افہام و تفہیم سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت نے جس طرح پنجاب میں کارروائی شروع کی اس سے لوگ تنگ ہیں، لوگ ہسپتال ،سکولوں کالجوں میں جانے سے بیٹھے ہوئے ہیں، پرتشدد طریقوں سے مذہبی تنظیم کو یہ بات زیب نہیں دیتی۔حکومت پنجاب کی جانب سے مذہبی جماعت سے درخواست کریں گے کہ یہ کوئی طریقہ کار نہیں کہ آپ امن و امان خراب کررہے ہیں، افہام و تفہیم سے معاملات حل کریں۔

اپوزیشن نے ایجنڈا معطل کرکے پنجاب میں مذہبی جماعت کے خلاف آپریشن پر بحث کا مطالبہ کیا اور منظور نہ ہونے پر ہنگامہ آرائی کرتے اور نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے حافظ فرحت کے سوال پر جواب دیتے ہوئے اپوزیشن رکن حافظ فرحت کو استعفی کا چیلنج دیدیااور کہا کہ کہاں 282لوگ شہید ہوئے ہیں ؟ چیلنج کرتا ہوں کہ اگر مذہبی جماعت کے 282لوگ شہید ہوئے تو پھر میں استعفی دیدوں گا وگرنہ حافظ فرحت استعفی دیں،19سو لوگ زخمی ہوئے تو وہ لوگ کہاں گئے ؟ہسپتال خالی پڑے ہیں، یہ کوئی طریقہ کار نہیں کہ اسمبلی فلور پر کھڑے ہوکر جھوٹ بولیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ پنجاب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 70فیصد جرائم میں کمی آئی ہے ،کچھ اضلاع زیرو کرائم ریٹ پر چلے گئے ۔جبکہ یہ کے پی کا دعویٰ تو کریں وہاں تو کرپشن کی داستانیں ہیں اور زیرو ڈلیورنس ہے، کے پی کے لوگوں کو انہوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت نے مسودہ قانون لوکل گورنمنٹ پنجاب 2025 منظور کروا لیا۔

بل کو وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پیش کیا۔اپوزیشن بل کی منظوری کے وقت واک آئوٹ کرکے ایوان سے باہر چلی گئی تاہم بل کی منظوری کے آخر میں اپوزیشن ایوان میں واپس آگئی اور بل پر اپنے تحفظات کااظہار کیا ۔ قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے مسودہ قانون لوکل گورنمنٹ پنجاب کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی نے سوالوں کے جواب دیئے ۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دس مئی کو افواج پاکستان نے بھارت کو گھر میں شکست دی،مودی شکست برداشت نہ کر سکا تو آبی جارحیت پر اتر آیا،افغان وزیر خارجہ بھارت گیا تو پاکستان کی سرحدوں پر افواج پاکستان کے بہادر بیٹوں پر حملہ کیاگیا، ازلی دشمن نے افغانستان سے پاکستان پر حملہ کرواکے ہمارے جوانوں کو شہید کروایا، اگراپنے سے دس گنا بڑے بھارت کو اللہ کے فضل سے شکست دے سکتے ہیں تو افغانستان کی جانب سے دہشتگرد حملوں کا بھی بھرپور جواب دے سکتے ہیں، اقوام متحدہ فوری ایکشن لے ،بھارت کو غنڈہ گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، بھارت یہ نہ بھولے کہ سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور بھرپور منہ توڑ جواب دیں گے ،افغان بھائی ہوش کے ناخن لیں ، غنڈہ گردی مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔حکومتی رکن احسن رضا خان نے پاک افغان کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھارت سے سرخرو ہوئے ، افغانستان نے پاکستان پر حملہ کیا اس پر افواج پاکستان نے اس کا دفاع کیا بلکہ اندر گھس کر مارا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا جب بھی دور آیا وہ خوبصورت دور تھا ،معیشت آسمان پر اور مہنگائی کا قلع قمع ہوا،نوازشریف آج تک آئین پاکستان سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج قبضہ گروپوں بدمعاشوں کا قلع قمع ہو رہا ہے،کوئی فکر نہ کرے پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہے پاکستان خوشحالی کی جانب لوٹ آیا ہے۔ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات