جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

منگل 14 اکتوبر 2025 00:00

شرم الشیخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کیلئے دوبارہ نامزد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے انکا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ ٹرمپ جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ نا رکواتے تو کوئی یہاں یہ بتانے کیلئے موجود نا ہوتا کہ کیا ہوا ؟ پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف یہاں غزہ امن معاہدے پر دستخطوں کے بعد امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران امن معاہدے کیلئے دیگر رہنماؤں کیساتھ انکے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا اور انکے لیے توصیفی کلمات ادا کیے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ آج یہاں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف موجود ہیں لیکن پاکستان کے "فیورٹ فیلڈ مارشل" یہاں موجود نہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کی خواہش پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کی انتھک کوششوں سے امن کے قیام کیلئے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر امن کے داعی ہیں ، انہوں نے دن رات امن اور خوشحالی کیلئے کوششیں کی ہیں۔

پاکستان نے انکے امن کیلئے غیر معمولی کردار پر انہیں امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا تھا۔ آج وہ دوبارہ انہیں اس انعام کیلئے نامزد کرتے ہیں کیونکہ وہ اسکے حقدار ہیں۔ انہوں نے امن کیلئے کوششیں کرکے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ امریکی صدر کی امن کیلئے کوششوں پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں،انکی قیادت بے مثال اور دور اندیش ہے، دنیاکو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی انہوں نے آٹھ جنگیں رکوائی ہیں۔ پاکستان اور بھارت جو ایٹمی طاقتیں ہیں، چار روزہ جنگ اگر امریکی صدر کی مداخلت سے نا روکی جاتی تو ایسی تباہی پھیلتی کہ کوئی یہاں یہ بتانے کیلئے موجود نا ہوتا کہ وہاں کیا ہوا ؟ وزیر اعظم نے مشرق وسطی میں امن کیلئے امیر قطر ، اردن کے شاہ عبد اللہ، سعودی عرب کے وزیر اعظم و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، یو اے ای اورمصر کے صدر السیسی سمیت دوست ممالک کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے امن کیلئے کردار کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ امریکی صدر نے وزیر اعظم کے خیالات کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں بھارت کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا انکی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت امن سے رہیں ۔