Live Updates

پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے،رانا ثناء اللہ

چناب کے مقام پر پانی کے ذخائر بنانے کی تجویز ہے، مشیر وزیراعظم کی نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو

منگل 5 مئی 2026 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) مشیر وزیراعظم اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاہے کہ پانی روکنے کی کوشش پر بھارت کے بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، ہمیں 3سے 4جگہ پانی کے ذخائر بنانے چاہئیں، بھارت پانی چھوڑے تو اسٹور کر لیں،روکے تو استعمال کریں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر راناثناء اللہ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی روکنا جنگ تصور کیا جائے گا، پانی روکنے کی کوشش پر بگلیہار ڈیم کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں 3سے 4جگہ پانی کے ذخائر بنانے چاہئیں، بھارت پانی چھوڑے تو ہم اسٹور کر لیں،روکے تو ہم استعمال کریں، پانی کے ذخائر بنانے سے متعلق حکمت عملی واپڈا اور ہمارے ذہن میں ہے۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ہماری صدر مملکت سے بھی ملاقات ہوئی تھی،سندھ اور پنجاب نے طے کرنا ہے کہ پانی کے ذخائر بنائے جائیں، چناب کے مقام پر پانی کے ذخائر بنانے کی تجویز ہے، پنجاب میں پانی کے ذخائر بنانے کی بات ہوئی تو سندھ نے خدشات کا اظہار کیا تھا، ذخائر بننے سے بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کر سکے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہاکہ پانی کے مسئلے پر عالمی فورمز بھی استعمال کرنے چاہئیں، صدرمملکت کا خیال تھا سندھ میں جس کو غلط فہمی ہے اس کے ساتھ بیٹھنا چاہیے ، آپس میں بھی بات کرنی چاہیے، سندھ حکومت کو اب بھی پانی کے ذخائر بنانے سے متعلق خدشات ہیں، پنجاب میں پانی کے ذخائر بنانے کی بات ہوئی توسندھ نے خدشات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم جب بنایا جا سکتا تھا اس وقت نہیں بنایا گیا، کالا باغ ڈیم کی اہمیت ہے،لیکن پاکستان سے زیادہ نہیں، مشکل گھڑی میں پاکستان چین کے شانہ بشانہ کھڑاہے۔

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ہمیں دنیا کے سامنے بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنا چاہیے، سیزفائر برقرار ہے۔انہوںنے کہاکہ ایران نے آبنائے ہرمز بلاک،ناکہ بندی امریکا نے کی ہوئی ہے، پاکستان فریقین کے درمیان مستقل سیزفائر کی کوشش کر رہا ہے، امریکی صدر کے دورہ چین سے پہلے کوئی پیشرفت ہو سکتی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات