Live Updates

جولائی میں شدید گرمی اور غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی، ایمرجنسی رسپانس کمیٹی قائم

پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، ایمرجنسی رسپانس کمیٹی صوبائی متعلقہ اداروں سے عملی تعاون کے لیے کام کرے گی؛ وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 جولائی 2026 16:10

جولائی میں شدید گرمی اور غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی، ایمرجنسی رسپانس ..
اسلام آباد: (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2026ء) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مون سون سیزن کی پیشگی تیاری، موسمیاتی تغیر اور ماحولیاتی خطرات سے بچاؤ کے نظام پر ایک اہم جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے قومی سطح کے ان خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں میں موثر تعاون ناگزیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس سال گرمی کی شدید لہر اور جولائی کے مہینے میں غیر معمولی بارشوں کے واضح امکانات ہیں، ان ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی ترتیب دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کی زیرِ نگرانی ایک ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو صوبائی اداروں کے ساتھ عملی تعاون کے لیے ہر ہفتے اجلاس کرے گی، وفاقی وزیرِ خزانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مون سون کی ممکنہ تباہی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی فنڈ کی تشکیل کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کریں، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسی ہفتے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کریں تاکہ پیشگی تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔

وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ قومی آبی تحفظ اور سلامتی کے لیے وفاقی حکومت نے اس سال کے بجٹ میں آبی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے 330 ارب روپے کی اضافی رقم مختص کی ہے، تمام صوبے مقامی سطح پر خطرے سے دوچار اضلاع میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلابی راستوں میں قائم ناجائز تجاوزات کا پیشگی اور مستقل خاتمہ یقینی بنائیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ہنگامی اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس احمد لغاری، مصدق ملک، شزا فاطمہ، اعظم نذیر تارڑ، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وزیرِ مملکت اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات