Live Updates

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف دھرنے عوام کی آواز ، 3ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال ہو گی ،منعم ظفر

ہڑتال کی حمایت پر تاجروں سے اظہار تشکر ،دھرنا گاہ میں پریس کانفرنس و یوپی موبائیل مارکیٹ کے عہدیداران کے ہمرا ہ میڈیا سے گفتگو گورنر ہائوس پر دھرنا 16ویں دن بھی جاری رہا ،آج دھرنا گاہ میں تاجر کنونشن ہوگا،حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے

پیر 31 اگست 2026 21:45

�راچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2026ء) جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ و صولی اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہائوس سندھ پر دھرنا 16ویں دن بھی جاری رہا ، شہر بھر سے مختلف زندگی سے وابستہ افراد کی جانب سے دھرنے میں شرکت اور اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری رہا جبکہ دوسری طرف کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں اور مختلف تاجر تنظیموں و انجمنوں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کی جانب سے جمعرات 3ستمبر کی ملک گیر شٹڑ ڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت اور دوکانیں و کاروبار بند رکھنے کے اعلانات اور یقین دہانی کرائی جاتی رہی ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنا گاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب اور جیو موبائیل مارکیٹ یوپی موڑ میں تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف گورنر ہائو س سندھ سمیت چاروں صوبائی دار الحکومت میں دھرنے عوام کے دل کی آواز ہیں ، حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی ،تاجر برادی کی جانب سے ہڑتال کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہیں ، یکم ستمبر کو 3 بجے گورنر ہاؤس کے باہر تاجر کنونشن ہوگا۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔ منعم ظفر خان نے پیر کے روز یوپی موڑ جیو موبائیل مارکیٹ اور اس سے متصل مارکیٹوں کا دورہ کیا اور ان کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں اور ہڑتال کو بھر پور کامیاب بنانے کے حوالے سے گفتگو کی ، بعد ازاں منعم ظفر خان نے امیر ضلع شمالی طارق مجتبی،جیو موبائل مارکیٹ کے چیئرمین محمد سہیل فاروق،جیو موبائل مارکیٹ فرسٹ فلور کے صدر محمد سلمان،انجمن تاجر اتحاد سرجانی کے جنرل سکریٹری ایاز رسول،چاند مارکیٹ سندھی ہوٹل کے صدر عبد الوحید،سی پی ایل سی کے انچارج ارسلان ملککے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی جس میں تمام تنظیموں نے 3ستمبر کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشن کا لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف 3 ستمبر کی شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کے اعلان پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ لیوی بھتہ ٹیکس کے نتیجے میں عام آدمی خط غربت سے نیچے جاچکا ہے۔ عام شہری کے لیے گھر چلانا مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے۔ قومی اسمبلی کے ممبران کی تنخواہیں ایک لاکھ 19 ہزار سے بڑھ کر 5 لاکھ 20 ہزار ہوگئیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ کے افسران کی 75 گاڑیاں ہیںجن میں لاکھوں روپے کا مفت پیٹرول خرچ کیا جاتا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈائریکٹر کی ماہانہ تبخواہ 55 لاکھ روپے ہے۔ تمام حکمران پارٹیوں کے آپس میں مفادات وابستہ ہیں یہ ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ آئی پی پیز مافیا اور کے الیکٹرک مافیا کے خلاف کوئی بھی بولنے کو تیار نہیں ہے۔ حکمران ایک لیٹر پیٹرول پر 130 روپے لیوی کی مد میں وصول کررہے ہیں۔

موٹر سائیکل سواروں پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجود ان سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ شہر میں ماس ٹرانزٹ موجود نہیں ہے عام شہری ، بزرگ اور خواتین چنگ چی میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ عوام سرکاری بسیں نہ ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکل چلانے پر مجبور ہیں۔ شہر میں پانی،بجلی اور گیس کا مسئلہ ہو تو جماعت اسلامی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

کیسا ظلم ہے کہ کراچی صوبے کا95 فیصد ریونیو جرنیٹ کرتا ہے لیکن اس شہر کو 18 گھنٹے بجلی سے محروم کیا جاتا ہے۔ شہر میں پانی کا بحران اور اسٹریٹ کرمنلز کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض مئیر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ 3 سال میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو ایک روپیہ ڈویلپمنٹ فنڈ نہیں دیا۔ قابض مئیر مرتضیٰ وہاب سن لیں کہ نیو کراچی کی 7000 فٹ روڈ بنانے کی ذمہ داری آپ کی ہے۔

ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے اور فوری طور پر 7000 فٹ روڈ کی تعمیر کروائیں۔منعم ظفر نے کہا کہ 14معصوم بچے پمز اسپتال میں جل کر خاکستر ہوگئے ہیں، 10بچے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہوکر اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں ، 259افراد بلدیہ ٹائون فیکٹری میں جل کر خاکستر ہوگئے لیکن 14سال بعد مجرموں کو باعزت بری کردیا جاتاہے ، سانحہ گل پلازہ میںاربوں روپے کا سرمایہ جل کر تباہ ہوگیا، 75سے زائد افراد زندہ جل گئے، اس سانحے کے ذمہ داران کا اب تک کچھ نہیں پتہ چل سکا ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی 40 سالہ نورا کشتی نے کراچی اور پورے سندھ کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیاہے ،شہر کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے ، بی آر ٹیز کے نام پر روزانہ لاکھوں شہری ذہنی و جسمانی اذیت سہنے پر مجبور ہیں ،2003کے بعد شہر میں پانی کے ایک قطرے کا اضافہ نہیں ہوا ، 23سال گزرنے کے باوجود کے فور کا منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جماعت اسلامی آئینی فریم ورک میں انتظامی یونٹس اور صوبے بنانے کے خلاف نہیں لیکن جو کام فوری ہوسکتے ہیں ،جس پرسب کا اتفاق رائے ہے وہ بااختیار بلدیاتی نظام اور ضلعی حکومتیں ہیں ،یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے ،جس کے لیے اٹھارہویں ترمیم کی گئی ، طارق مجتبی نے کہا کہ آج ہم تاجر برادری کے ساتھ موجود ہیں اور لیوی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

2008 اور 2009 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے پیٹرولیم لیوی ٹیکس لگایا تھا اس وقت مسلم لیگ نے لیوی کو بھتہ ٹیکس کا نام دیا تھا۔ آج مسلم لیگ ن ہی پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس لگا کر عوام سے اربوں روپے وصول کررہی ہے۔ پیٹرولیم لیوی کا مقصد پیٹرول ریفائن کرکے عوام کو پیٹرول سستا دینا تھا لیکن یہ کام نہیں کیا گیا۔ اسی طرح 52 فیصد آئی پی پیز حکمران طبقے کی ہیں جو عوام کے اربوں روپے وصول کرتی ہیں۔

جیو موبائل مارکیٹ کے چیئرمین محمد سہیل فاروق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جس نے 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے دھرنے دیے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ شہر میں اور مارکیٹوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت بڑا مسئلہ ہے ، جماعت اسلامی ہمیشہ سے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کرتی آرہی ہے ۔جیو موبائل مارکیٹ فرسٹ فلور کے صدر محمد سلمان نے کہا کہ 3 ستمبر کی ہڑتال پر جماعت اسلامی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

مہنگا پیٹرول اور بجلی ہر شہری اور تاجر کا مسئلہ ہے ، موبائل مارکیٹ کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔انجمن تاجر اتحاد سرجانی کے جنرل سکریٹری ایاز رسول نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ تاجروں کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ ہر شخص پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس سے پریشان ہے۔ حکومت ایک لیٹر پیٹرول پر 130 روپے اضافی وصول کررہی ہے۔ ماہانہ 43 ہزار کمانے والا مہنگائی کے دور میں گھر میں کیا کرے گا۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم بھتہ ٹیکس فوری ختم کیا جائے۔ 3 ستمبر کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، سرجانی مارکیٹ مکمل طور پر بند ہوگی۔چاند مارکیٹ سندھی ہوٹل کے صدر عبد الوحید نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ناجائز ہے جس کی وجہ سے اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ نیو کراچی میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔

ہم جماعت اسلامی کی جدو جہد ، مطالبات اور ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں ، ارسلان ملک نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کو جینے دو ،کراچی کے عوام کو سرکاری نوکریاں نہیں دی جاتی۔ کراچی میٹرو پولیٹن سٹی تھا آج موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔ ہم تاجر ہیں ہم ٹیکس دیتے ہیں تو ملک چلتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت ظالمانہ ٹیکس ختم کرے ۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات