فلسطینی، اسرائیلی صدور ویٹیکن کا دورہ کریں گے

پیر 26 مئی 2014 06:49

رملہ،یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)اسرائیلی صدر شمعون پیریز اور فلسطینی صدر محمود عباس نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ پوپ فرانسس کی دعوت پر اگلے ماہ ویٹیکن سٹی کا ایک ہی وقت پر دورہ کریں گے۔ قبل ازیں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اتوار کے روز مسیحی عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش بیت اللحم کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کا تنازعہ اب ناقابل قبول ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

پاپائے روم اس وقت مشرق وسطیٰ کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینیوں کے زیر انتظام شہر بیت اللحم میں پاپائے روم نے باضابطہ طور پر ’فلسطینی ریاست‘ کا ذکر کیا۔ وہ کل پیر کے روز ویٹیکن واپسی سے قبل اسرائیل جائیں گے۔ ان کی اسرائیل آمد پر آٹھ ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ قبل ازیں پوپ نے کل ہفتے کے روز اردن کا دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے شامی خانہ جنگی کے باعث مہاجر اور معذور ہو جانے والے شامی شہریوں اور بچوں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔