وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی ملاقات ،پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر تبادلہ خیال،سیٹھی کو اکھاڑ پچھاڑ کا مکمل اختیار

پیر 26 مئی 2014 06:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو ادارے کی بہتر کارکردگی کے لئے گائیڈ لائنز بھی دیں ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ملاقات میں کرکٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر نجم سیٹھی نے نواز شریف کے بھارت کے دورے سے قبل پاک بھارت کرکٹ کی بحالی پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا جبکہ آئندہ کی حکمت عملی اور مستقبل میں ادارے کی کارکردگی پر بھی وزیر اعظم کو بتایا جبکہ نواز شریف نے بھی نجم سیٹھی کو ادارے کو مزید بہتر بنانے کے لئے گائیڈ لائنزدیں۔

وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ میں انقلابی اقدامات کرنے اور ملازمین کی اکھاڑ بچھاڑ کی مکمل اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے کرکٹ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے وزیر اعظم کو تفصیلی آگاہ کیا ۔نجم سیٹھی نے وزیر اعظم سے بھارتی دورے کے دوران بگ تھری بارے معاملے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرنے کی بھی استدعا کی ہے تا کہ پاکستان کو بین الاقوامی کرکٹ میں اور آئی پی ایل میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد نجم سیٹھی نے بتایا کہ وزیراعظم جلد پی سی بی کے نئے آئین کی منظوری دیدیں گے۔