وزیراعظم دورہ بھارت کے دوران پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کے علاوہ ہاکی سریز کی بحالی کیلئے کو ششیں کریں،چوہدری اختر رسول

پیر 26 مئی 2014 06:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چوہدری اختر رسول نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دورہ بھارت کے دوران پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان ہاکی سریز کی بحالی کیلئے کو ششیں کریں۔صدر پی ایچ ایف اختر رسول نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ہاکی فیڈریشن کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر معاملات طے پاچکے، پہلے مرحلے میں بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور3 شہروں لاہور، فیصل آباد اور کراچی میں ایک ، ایک میچ کھیلے گی، دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس بھارت جائیں گے۔

اختر رسول نے کہا کہ حکومت نے ہم سے وعدہ کیاکہ پاک بھارت ہاکی سیریزکے لیے جون کے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔صدر پی ایچ ایف نے کہاکہ حال ہی میں میری وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بات ہوئی ہے، جس میں ان سے کہا کہ دونوں ملکوں کے دفتر خارجہ کے ذریعے ایسی بات چیت ہونی چاہیے جس کی وجہ سے ٹیموں کو ایک دوسرے کے یہاں آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو، سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ نئی بھارتی حکومت بننے کے بعد پاک بھارت سیریز کے معاملات کو طے کر لیا جائیگا۔

(جاری ہے)

چوہدری اختررسول نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نومنتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلیے جارہے ہیں جوخوش آئند ہے، وزیراعظم کو پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی پر بھی بات کرنی چاہیے کیونکہ بھارتی ہاکی ٹیم پاکستان آنا چاہتی ہے۔