افغانستان، دھاندلی پر الیکشن کمیشن کا نصف عملہ برطرف

پیر 26 مئی 2014 06:50

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء ) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ مراکز کی تعداد میں اضافے کا اعلان کر تے ہوئے پہلے مرحلے میں دھاندلی کے الزامات پر عملے کے پانچ ہزار سے زیادہ ارکان کو برطرف کر دیا ہے۔ برطرف کیے جانے والوں میں سے بیشتر ڈسٹرکٹ فیلڈ کوارڈینیٹر ز الیکشن کے دن پولنگ مراکز کے انچارج تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان الیکشن کمیشن کے سربراہ یوسف نورستانی نے کہا ہے کہ برطرف ہونے والے 5338 افراد کو ’بلیک لسٹ‘ کر دیا گیا ہے اور وہ صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کام نہیں کر سکیں گے۔افغانستان میں صدارتی انتخاب کا دوسرا اور حتمی مرحلہ 14 جون کو منعقد ہوگا جس میں سابق وزیرِ خارجہ عبداللہ عبداللہ اور اور ماہر معاشیات اشرف غنی کے مابین مقابلہ ہوگا۔ملک میں 5 اپریل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے سرکاری نتائج کے مطابق پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار حتمی برتری کے لیے درکار 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔