افغان صدارتی امیدوار کے قافلے پر بم حملے، ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ،22افراد زخمی ، حملے کے بعد انتخابی مہم کسی صورت بھی متاثر نہیں ہوگی،ترجمان عبداللہ عبداللہ

ہفتہ 7 جون 2014 04:55

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء)افغان صدراتی امیدوار عبداللہ عبداللہ کے قافلے پر جمعہ کے روز ہونے والے دو بم حملوں میں چھ افراد ہلاک اور 22زخمی ہو گئے۔تاہم اس حملے میں عبداللہ عبداللہ محفوظ رہے۔ حکام کے مطابق عبداللہ عبداللہ کو اس حملے کا نشانہ اس وقت بنایا گیا، جب وہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں کابل کے ایک علاقے میں ریلی سے خطاب کر کے روانہ ہوئے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں عبداللہ عبداللہ کا ایک محافظ ہلاک گیا۔ حکام کے مطابق اس دوہرے بم حملے میں کم از کم 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا دوسرا دور رواں ماہ کی 14 تاریخ کو منعقد ہو رہا ہے۔دریں اثناء عبداللہ عبداللہ کے ترجمان واقف حکیمی نے جرمن ریڈیو کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اس حملے کے بعد ان کی انتخابی مہم کسی صورت بھی متاثر نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کے بقول، "ہم اس قسم کے حملوں کے لیے تیار تھے، عبداللہ عبداللہ نے حملے کے فوری بعد پروگرام کے مطابق اپنے حامیوں سے خطاب کیا جیسا کہ کچھ ہوا ہی نہیں"۔دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ میں قریب ایک ہی ہفتہ رہ گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اچھے ٹرن آوٹ کے بعد دوسرے مرحلے میں بھی بہتر ٹرن آوٹ کو یقینی بنانے کے لیے کابل حکومت امن و امان کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :