قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی میٹھی میٹھی تنقید‘ وزیراعظم نواز شریف توجہ سے سنتے رہے،پھلجڑیوں پر وزیر خزانہ بے ساختہ ہنس پڑے،اسحق ڈار میں سونے کو پتھر اور پتھر کو سونا بنانے کی صلاحیت موجود ہے‘ ایسی منطق استعمال کرتے ہیں کہ غیر حقیقی حقیقت اور حقیقت غیر حقیقی معلوم ہوتی ہے،خورشید شاہ

ہفتہ 7 جون 2014 04:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی میٹھی میٹھی تنقید‘ وزیراعظم نواز شریف توجہ سے سنتے رہے‘ میٹھی میٹھی پھلجڑیوں پر وزیر خزانہ بے ساختہ ہنس پڑے‘ قائد حزب اختلاف نے تحریک انصاف کو بھی نہ چھوڑا‘ سید خورشید شاہ نے کہا کہ اسحق ڈار میں سونے کو پتھر اور پتھر کو سونا بنانے کی صلاحیت موجود ہے‘ ایسی منطق استعمال کرتے ہیں کہ غیر حقیقی حقیقت اور حقیقت غیر حقیقی معلوم ہوتی ہے‘ بجٹ میں لگتا ہے وزیر خزانہ اپوزیشن کو ناک آؤٹ کردیں گے‘ نیا پاکستان بنانے کا راگ الاپنا بند کیا جائے۔

جمعہ کے روز دو روزہ وقفے کے بعد بجٹ اجلاس میں تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے سید خورشید شاہ نے چند نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وزیر خزانہ نے الفاظ کے ہیر پھیر سے حقیقت کو چھپادیا ہے وہ داد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اسحق ڈار میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ حقیقت کو غیر حقیقت اور غیر حقیقت کو حقیقت کا روپ دھار دیں اور بجٹ میں وہ حقیقتاً میری تنقید اور اپوزیشن کو ناک آؤٹ کردیں گے۔

یہ ایسے وزیر خزانہ ہیں جو اگر پتھر کو سونا اور سونے کو پتھر بھی کرنا چاہیں تو اس میں وہ ماہر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے میٹھی میٹھی مگر شدید تنقید بھی کی جسے وزیراعظم میاں نواز شریف خندہ پیشانی سے سنتے رہے۔ چندجملوں پر اپوزیشن سمیت حکومتی اراکین بھی ہنس پڑے اور ایک معاملے پر وزیر خزانہ بھی بے ساختہ ہنس پڑے۔ اپنی تقریر کے دوران سید خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کو بھی نہ بخشا اور کہا کہ نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگانے والے خاموش ہوجائیں۔ ہمیں اسی پاکستان کو بہتر بنانا ہے۔ کیا آج تک نیا ہندوستان‘ نیا برطانیہ‘ نیا امریکہ کا نعرہ لگا ہے۔ ہمیں اس جانب سوچنا ہوگا۔