کراچی میں بدامنی کا تسلسل جاری ، پولیس آفیسر سمیت مزید 2 افراد جاں بحق ، پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک

ہفتہ 7 جون 2014 04:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء ) شہر قائد میں قانون نافذ کرنیو الے اداروں کی جانب سے ٹارگیٹڈ آپریشن کے باوجود بدامنی کا تسلسل جاری ہے۔ جمعہ کو پولیس آفیسر سمیت مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا فرنٹیئر کالونی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقتول کی شناخت اے ایس آئی تاج محمد ولد بخت رحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول پیر آباد تھانے میں تعینات تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہرا س پھیل گیا۔ واضح رہے کہ جمعرات کو بھی فرنٹیئر کالونی میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت امیر رحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ادھر شاہ لطیف پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ ہوا۔ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوا۔ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے تاہم ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :