بن غازی‘ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر فوج کی بمباری،حملے میں شورش زدہ شہر میں اسلحہ کا بھاری ڈپو تباہ کردیاگیا

ہفتہ 7 جون 2014 05:01

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جون۔2014ء)لیبیا میں اسلامی عسکریت پسندوں کے گڑھ سمجھے جانے والے شہر بن غازی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں پر فوج کے جیٹ طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دشمن کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں۔ لیبی فوج کے ترجمان کیپٹن محمد الحجازی نے میڈیا کو بتایا کہ جنگی طیاروں نے جمعہ کو علی الصباح بن غازی کے سیدی فرج اور القوارشہ کے مقامات پر عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ درنہ کے مقام پر اسلحہ کا ایک بھاری ذخیرہ تباہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درایں اثناء لیبیا کی نگراں وزیراعظم عبداللہ الثنی کا کہنا ہے کہ بن غازی میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں حکومت کو فوج کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔ انہوں نے تمام انقلابی گروپوں سے اپیل کی کہ وہ خود کو فوج میں ضم کر دیں تاکہ ملک سے دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی میں مدد مل سکے۔لیبیا میں پچھلے کئی ماہ سے جاری سکیورٹی کشیدگی کے جلو میں جنرل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر سالم الحاسی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یہ استعفیٰ پارلیمنٹ کی جانب سے بن غازی میں اسلامی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی میں سستی پر بہ طور احتجاج دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :