وزیراعظم نواز شریف آج وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا باضابطہ افتتاح کریں، سکیم کے تحت ملک بھر سمیت فاٹا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 1لاکھ سے زائد طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے

جمعہ 20 جون 2014 07:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جون۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف آج(جمعہ کو) وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا باضابطہ افتتاح کریں گے،سکیم کے تحت ملک بھر سمیت فاٹا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 1لاکھ سے زائد طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے،یہ بات گزشتہ روز وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چےئرپرسن مریم نواز کی زیر صدارت سکیم کی پہلی مرتبہ قومی سطح پر اجراء کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کہی گئی،اس موقع پر مریم نواز نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کے نوجوانوں کے ساتھ وعدے کے مطابق وزیراعظم فاٹا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے طلباء میں لیپ ٹاپس تقسیم کریں گے،جس کا مقصد تحقیق،معیاری تعلیم کو فروغ دینا اور گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے ملک میں طلباء کے درمیان معلومات تک رسائی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم پر 4 ارب روپے لاگت آئے گی اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ طلباء میں تقسیم کئے جائیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کو مؤثر انداز میں پورا کر رہی ہے اور کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے طلباء کیلئے لیپ ٹاپ سکیم کا اجراء اس کے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے،اس موقع پر چےئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے لیپ ٹاپس کی خصوصیات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ پی ٹی سی ایل ایوو تھری جی ڈونگل بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ تین ماہ کیلئے انٹرنیٹ کی مفت رسائی حاصل ہوسکے اور مزید بتایا کہ لیپ ٹاپس میں موجود ان بلٹ اے پی پی سے طلباء کو ڈیجیٹل لائبریری سمیت مختلف تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی اور وہ قومی ڈیجیٹل لائبریری پروگرام کے تحت 6000تحقیقی مقالوں تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور انہیں ایچ ای سی کی ای لائبریری پروگرام کے ذریعے 50ہزار سے زائد ای بکس تک رسائی بھی میسر آئے گی جبکہ طلباء 6000سے زائد پاکستانی پی ایچ ڈی ریسرچرز کے ڈیجیٹل تھیسز تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے۔