شاہ عبداللہ کی عراقیوں کے لیے 50 کروڑ ڈالرز کی امداد ،تشدد سے متاثرہ عراقیوں میں مذہب اور نسل سے بالاتر ہوکر امداد تقسیم کی جائیگی

بدھ 2 جولائی 2014 06:21

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے تشدد سے متاثرہ عراقیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پچاس کروڑ ڈالرز کی امداد جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے سرکاری خبررساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ یہ رقم اقوام متحدہ کے ذریعے تشدد سے متاثرہ ضرورت مند اور بے گھرہونے والے عراقیوں میں نسل ،مذہب ،عقیدے یا فرقے سے بالاتر ہوکر تقسیم کی جائے۔

اس عہدے دار نے مزید بتایا ہے کہ ''اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بین کی مو ن کو اس امدادی رقم کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔یہ رقم صرف عراقی عوام کے لیے ہے اور اقوام متحدہ کے تحت اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

سعودی مملکت متاثرہ برادر عراقی عوام کے تمام طبقات تک اس امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں میں اس سال اب تک تشدد کے واقعات کی وجہ سے قریباً بارہ لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

عراق کے شمالی صوبوں میں گذشتہ تین ہفتوں کے دوران القاعدہ کی ہم نوا جنگجو تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی وزیراعظم نوری المالکی کی حکومت کے خلاف مسلح بغاوت کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور وہ داعش اور عراقی فوجکے درمیان جاری لڑائی میں جانیں بچانے کے لیے اپنا گھربار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی جانب جارہے ہیں۔