جھوٹی ایف آئی آر کا اندراج اور اہم دستاویزات واپس کرنے سے انکار،اسلام آباد ہائی کورٹ نے تھانہ مارگلہ کے اے ایس آئی کیخلاف کیس تفتیش کیلئے ایف آئی اے کو بھجوادیا، اسلام آباد کی پولیس دنیا کی ناکام ترین پولیس تصور کی جاتی ہے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی،پولیس والے عدالت کے احکامات پر عمل کرتے ہیں نہ ہی عدالت میں پیش ہونے کی زحمت کرتے ہیں،انہیں رویہ میں تبدیلی لانا پڑے گی،ریمارکس

بدھ 2 جولائی 2014 06:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے تھانہ مارگلہ کے اے ایس آئی ارشاد احمد چیمہ کی طرف سے جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج اور اہم دستاویزات واپس کرنے سے انکار کا کیس تفتیش کیلئے ایف آئی اے کو بھجوادیا ہے اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کی پولیس دنیا کی ناکام ترین پولیس تصور کی جاتی ہے۔

پولیس والے نہ تو عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہیں اور نہ ہی عدالت میں پیش ہونے کی زحمت کرتے ہیں۔پولیس اہلکاروں کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانا پڑے گی ۔منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہزاد اقبال بنام ارشاد احمد چیمہ کی سماعت ہوئی ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار شہزاد اقبال کے وکیل راجہ یاسیر شکیل جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تھانہ مارگلہ کے اے ایس آئی ارشاد احمد چیمہ درخواست گزار کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کر لی اور تلاشی کے نام پر ملزم سے ایچ بی ایل کارڈ ،موبائل اور دیگر کاغذات ضبط کر لئے۔فاضل وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جب درخواست گزارنے اپنے سامان کی واپسی کے لئے مجسٹریٹ کی عدالت میں سپرداری کے لئے درخواست دی تو پتہ چلا کہ درخواست گزار کی گاڑی کسی اور کے نام ٹرانسفر کر دی گئی ہے اور دیگر سامان بھی واپس کرنے سے انکار کر دیاگیا۔

عدالت میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد محمد علی نیکو کار پیش ہوئے ۔سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد پولیس کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ،پولیس افسران کو اپنے ماتحت لوگوں پر نظر رکھنی چاہیے کہ وہ لوگوں کے ساتھ کس قسم کی کارروائیاں کررہے ہیں۔عدالت نے ارشاد احمد چیمہ کا کیس ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ اس کیس کی فوری طور پر تفتیش کی جائے ۔ایس ایس پی آپریشنز نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ملزم کے خلاف میرٹ پر کارروائی کی جائے گی ۔عدالت نے کیس کی سماعت چار جولائی تک ملتوی کر دی۔