دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،اتحاد کی قوت سے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے:شہبازشریف،پاک ا فواج وطن عزیز کی بقاء ،سلامتی اوراستحکام کے لئے امن کے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں ،پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے،مصیبت میں گھر ے خیبر پختواہ کے بے گھر ہونیوالے بہن بھائیوں سے مکمل تعاون کریں گے،متاثرین کی اپنے گھروں میں واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے ،صرف سستے آٹے پر 5ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے،اراکین اسمبلی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا موثر کرداراداکریں،وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

بدھ 2 جولائی 2014 06:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پر عزم ہے ۔انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلا کر امن و سلامتی کاگہوارہ بنائیں گے۔پاک افواج وطن عزیز کی بقاء ،سلامتی اور استحکام کیلئے امن کے دشمنوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں ۔

پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری و جرات پر فخر ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اورقوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کے دوران شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کواپنے گھر بار چھوڑنا پڑے تاہم مصیبت کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت خیبر پختونخواہ کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اوربے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اورمکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئی ڈی پیزکی مدد اورانہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے 50کروڑ روپے کا ”چیف منسٹر زریلیف فنڈ“پہلے ہی قائم کردیا ہے جبکہ 10کروڑ مالیت کی امدادی اشیاء بھی 50ٹرکوں کے ذریعے بھجوائی جاچکی ہیں ۔بے گھر ہونے والے پختون بھائیوں کی مدد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

پنجاب حکومت نے امدادی اشیاء کی فراہمی کے علاوہ متاثرین کو نقد مالی امداد کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا، بے گھر ہونے والے پختون بھائیوں کی تکالیف اوران کو درپیش مسائل کا پوری طرح ادراک ہے ۔

وفاقی حکومت بھی متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور پنجاب حکومت بھی مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا دینی،اخلاقی اورقومی فریضہ ہے ۔میری مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے ”چیف منسٹر زریلیف فنڈ “میں دل کھول کر عطیات دیں ،ہم امین بن کر ایک ایک پائی متاثرین تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محورہی عوام کی خدمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گزشتہ6سالوں سے عوام کی بے لوث خدمت کررہی ہے ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔عوام کو ماہ مقد س کے دوران صرف سستے آٹے پر 5ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے ۔

رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں آٹا عوام کو سستے داموں فراہم کیا جارہا ہے ۔متعلقہ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے گھی ،چینی،دالیں ،مرغی کا گوشت اور دیگر ضروری اشیاء بھی مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں عوام کی سہولت کیلئے 346رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں صارفین کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ رمضان پیکیج کے فوائد مستحق لوگوں تک پہنچانے کیلئے اپنا موثر کردارادا کریں ۔اشیاء ضروریہ کی قیمتوں ،معیار اور سپلائی کی مانٹیرنگ کر کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ذریعے دین دنیا دونوں کمائے جاسکتے ہیں اوراللہ تعالیٰ کی رضا اورخوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے اس لیے منتخب نمائندے رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کردیں۔

متعلقہ عنوان :