امریکا نے مزید تین سو اہلکار عراق روانہ کر دیے،امریکی فوجیوں کو اپنے سفارت خانے اور امریکی شہریوں اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے تعینا ت کیا جا ئے گا ، امریکی عہدیدار،ان فوجیوں کی تعیناتی کیساتھ عراق میں امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد تقریبا ً750 ہو گئی ہے، پینٹاگون، بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے سے عملے کو نکال لیا گیا

بدھ 2 جولائی 2014 06:21

وا شنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جولائی۔2014ء)امریکا نے عراق میں اپنے سفارت خانے اور امریکی شہریوں اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے مزید تین سو فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد تقریباً750ہو گئی ہے۔ امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ عراق میں سنی شدت پسندوں کی کارروائیوں کے تناظر میں امریکی سفارتی عملے اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے فوجی موجودگی میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق عراق میں ان تین سو نئے فوجیوں کی تعیناتی کے ساتھ عراق میں امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد تقریبا 750 ہو گئی ہے۔دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ نے بغداد میں قائم اپنے سفارت خانے سے ’کچھ عملے‘ کو شمالی شہر اربیل اور جنوبی شہر بصرہ میں واقع امریکی قونصل خانوں میں منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بغداد سے امریکی سفارت خانے سے دیگر شہروں میں سفارتی عملے کی یہ منتقلی ’عارضی‘ ہے۔

تاہم اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس سفارتی عملے کو کب دیگر شہروں میں منتقل کیا گیا اور ان کی تعداد کتنی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے سے کچھ عملے کو نکال لیا گیا تھا۔محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے پیر کے روز کہا، ”بغداد میں قائم امریکی سفارت خانہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتا رہے گا۔

ادھر وائٹ ہاوٴس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے اور ہوائی اڈے کی حفاظت کے لیے مزید دو سو فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق ان فوجیوں نے اتوار اور پیر کے روز اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔پینٹاگون کے ترجمان ریئر ایڈمرل جان کِربی کے مطابق، ”ان اضافی فوجیوں کی موجودگی سے سفارت خانے کو اپنی ضروری سرگرمیوں کی انجام دہی میں مدد ملے گی جب کہ یہ فوجی اسلامک اسٹیٹ اِن عراق اینڈ شام کے سنی شدت پسندوں کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے عراقی حکومت کو تعاون بھی فراہم کریں گے۔

جان کِربی نے کہا کہ مزید ایک سو فوجی بھی بغداد پہنچائے گئے ہیں، جو اسٹینڈ بائی رہیں گے اور لاجسٹک جیسے امور میں معاونت فراہم کریں گے۔ادھر امریکی صدر باراک اوباما نے امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کے رہنماوٴں کے نام اپنے ایک خط میں بتایا کہ ان فوجیوں کے ہمراہ ہیلی کاپٹر اور ڈرون طیارے بھی روانہ کیے گئے ہیں۔ تاہم صدر اوباما نے عراق میں سْنی شدت پسندوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے امریکی لڑاکا فوج کی تعیناتی کو مسترد کر دیا۔

متعلقہ عنوان :