پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو بنیادی انسانی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا، عمران خان سے بھی مذاکرات کے ذریعے جمہوری انداز میں مسائل حل کرنے کا مطالبہ،حکومت کے بعض اقدامات کی حمایت نہیں کرتے، حکومت طاہر القادری کے گھر کا گھیراؤ ختم کرے،رضا ربانی، وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق عمران کا مطالبہ غیر آئینی ہے ،حاجی عدیل

جمعہ 8 اگست 2014 04:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو بنیادی انسانی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیاجبکہ عمران خان سے مذاکرات کے ذریعے جمہوری انداز میں مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیاہے اور میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کے بعض اقدامات کی حمایت نہیں کرتے، حکومت طاہر القادری کے گھر کا گھیراؤ ختم کرے جبکہ اے این پی کے حاجی عدیل نے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق عمران کا مطالبہ غیر آئینی ہے ۔

جمعرات کو یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میاں رضا ربانی نے پارٹی کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بعض اقدامات کی حمایت نہیں کرتے ۔

(جاری ہے)

حکومت کا آرٹیکل245 کا نفاذ کا فیصلہ غلط تھا ۔حکومت کو اس پر نظر ثانی کر کے فوری طور پر ختم کرنے چاہیے کیونکہ یہ بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مکمل طور پر جمہوری حکومت کو سپورٹ کرے گی تاہم حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں بند کرے۔حکومت طاہر القادری کے گھر کا گھیراؤ ختم کرے ۔سیاسی جلسوں سے نمٹنے کے لئے دوسرے قوانین موجود ہیں۔ہم نے1973 ء کے آئین کے لئے بڑی جدوجہد کی اور جمہوریت بڑی قربانیوں سے حاصل کی ہے ۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر حاجی عدیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرح اے این پی بھی اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کے خلاف ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے نظرثانی کرے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سوچ سے لگتا ہے وہ معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کرنا چاہتی ہے ۔عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں ۔جمہوری حکومتوں میں تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا حق ہوتا ہے ۔جمہوری دور میں سیاسی جماعتیں احتجاج نہ کریں تو کیا فوج سیاسی جلسے اور احتجاج کریگی ؟ احتجاج آئین کے دائرے میں رہ کر لانا چاہیے ۔حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے استعفے سے متعلق عمران کا مطالبہ غیر آئینی ہے ۔وزیر اعظم اخلاقی طور پر استعفیٰ دیں تو یہ اور بات ہے وزیر اعظم کو ہٹانے کے لئے تحریک عدم اعتماد لائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی بات سمجھ سے بالاتر وہ پہلے بھی بڑی دھمکیاں دیتے تھے۔