پنجاب اور اسلام آباد میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،شیخ رشید احمد ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بھی تحریک انصاف کے آزادی کا حصہ بنیں گے ورنہ ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، 12 اگست سے پہلے عمران خان اور طاہر القادری کا ایجنڈا ایک ہو جائے گا، آزادی مارچ سے پیچھے ہٹنے کا کوئی درمیانی راستہ نہیں اسے سمجھنے والے عقل کے اندھے ہیں، آزادی مارچ فائنل راؤنڈ ہے، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 8 اگست 2014 04:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بھی تحریک انصاف کے آزادی کا حصہ بنیں گے ورنہ ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، 12 اگست سے پہلے عمران خان اور طاہر القادری کا ایجنڈا ایک ہو جائے گا، حکومت کو اس نہج پر نوازشریف خود اور ان کے چھ پیارے لے آئے ہیں، آزادی مارچ سے پیچھے ہٹنے کا کوئی درمیانی راستہ نہیں اسے سمجھنے والے عقل کے اندھے ہیں، آزادی مارچ فائنل راؤنڈ ہے، حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ آزادی مارچ سے بچنے کا کوئی درمیانی راستہ ہے تو لوگ عقل کے اندھے ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف کو اس جگہ پہنچانے میں خود ان کا اور خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، اسحاق ڈار اور رانا مشہود کا ہاتھ ہے۔

آج تک پارلیمنٹ میں مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بیروزگاری سمیت عوامی مسائل پر کوئی بات نہیں ہوئی یہاں صرف کراچی کے ساحل پر پیش آنے والا سانحہ موضوع گفتگو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک جل رہا ہے عوام مہنگائی، بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن وزیراعظم بانسری بجانے میں مصروف ہیں۔ نوازشریف جن کے ساتھ فوٹو سیشن کروا رہے ہیں وہ ان کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف ایسے کوئی اقدامات نہ کرے جس کی کل ان کو قیمت ادا کرنی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ عمران خان اور طاہر القادری الگ الگ تحریک چلائیں گے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ 12 اگست سے پہلے پہلے دونوں رہنما ایک پیج پر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے ساتھ جو سلوک حکومت کر رہی ہے امید ہے عمران خان اس تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے جو بھی مذاکرات ہو رہے ہیں وہ معنی خیز ثابت نہیں ہونگے اور ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی بھی آزادی مارچ میں شامل ہوجائیں گے اگر دونوں جماعتوں نے ایسا نہ کیا تو ان کی عوام میں سیاست ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایٹمی ہتھیاروں بارے بیان پر حیرانگی ہوئی کہ ایک وزیر دفاع اتنے غیر ذمہ دار بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ ہر صورت ہو گا جو حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گا۔