کراچی ،الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 93پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حفیظ الدین شیخ کی کامیابی کالعدم قرار دیدی،جماعت اسلامی کے امیدوار عبدالرزاق کامیاب

جمعہ 8 اگست 2014 06:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء )الیکشن ٹریبونل نے کراچی میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 93پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین شیخ کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیدوار عبدالرزاق کو کامیاب قرار دے دیا،مذکورہ نشست پر جماعت اسلامی کے امیدوار عبدالرزاق نے عبدالحفیظ کی کامیابی پر اعتراضات الیکشن ٹریبونل میں دائر کئے تھے،الیکشن ٹریبونل میں فیصلے کے بعد جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شکرانے کے نفل ادا کئے۔

جمعرات کو الیکشن ٹریبونل کراچی میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 93پر الیکشن ٹریبونل کراچی کے جج ظفر احمد شیروانی نے جمعرات کو فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پی ایس 93 اورنگی ٹاو ن کراچی سے منتخب ہونے والے امیدوار حفیظ الدین شیخ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امید وار عبدالرزاق کو مذکورہ حلقے سے کامیاب قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے امیدوار نے حلقے میں دھاندلی کی شکایت پر حفیظ الدین کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کر رکھا تھا۔ جماعت اسلامی کے امیدوار نے اس حلقے کے چھہ پولنگ اسٹیشن کے نتائج کو چیلنج کیا تھا ۔مذکورہ حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار نے 15322 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار 11800 ووٹ حاصل کئے تھے۔

جماعت اسلامی کے امیدوار نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی کہ حلقے کے 88 پولنگ اسٹیشن میں سے 6 پولنگ اسٹیشن پر 622 ووٹ حاصل کئے تھے لیکن مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر نتائج تبدیل کرکے 6322 ووٹ ظاہر کئے گئے ، اس عمل سے تحریک انصاف کے امیدوار نے دھاندلی کرکے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ عبدالرزاق نے اپنے موقف میں کہا تھا کہ انہوں نے جن6 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کو چیلنج کیا ہے اس میں جو لوگ پریذائڈنگ افسر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے ۔

الیکشن کمیشن نے ان کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ ان میں سے تین افسران محکموں میں کام ہی نہیں کرتے اور ان کا کچھہ اتہ پتہ نہیں ہے ،الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد صحافیون سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ حق اور انصاف کی فتح ہوئی ہے ہم نے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کو چیلنج کیا تھا اور جماعت اسلامی مفاد عامہ میں کام کرتی رہے گی فیصلہ کے بعد امیر جماعت اسلامی غربی اسحاق خان کی مدعیت میں نماز شکرانہ ادا کی گئی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔