ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ٹیم کا اعلان کردیا،ٹیم کا نام لاہور لائنز ہوگا، بابر وسیم گجر پرنس آف پاکستان کپتان ہوں گے،کبڈی کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور ورلڈ کبڈی لیگ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور بھارتی وزیراعلیٰ کے مشیر اعلیٰ پنیت سنگھ نے معاہدے پر دستخط کئے، ددنوں جانب سے دستاویز کا تبادلہ کیا گیا،تاریخی موقع ہے، نوجوانوں کو دنیا میں ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل رہا ہے، بھارت سے کرکٹ کیساتھ کبڈی ڈپلومیسی سے پیار کا پکا’جپھا‘پڑیگا، صوبائی وزیر رانا مشہود

جمعہ 8 اگست 2014 04:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے ورلڈ کبڈی لیگ کیلئے کبڈی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ٹیم کا نام لاہور لائنز ہوگا، ٹیم کے کپتان بابر وسیم گجر پرنس آف پاکستان ہوں گے دیگر کھلاڑیوں میں لالہ عبیدالله عرف شیر پنجاب، شفیق چشتی عرف راکٹ، شہزاد ڈوگر عرف اڑتا سانپ، رانا نعیم ، خالد مہر، شبیر بٹ، رحمان اشتیاق عرف ہیرا بٹ، سیف الله ، محمد رمضان عرف جانی سنیارا، علی لمبی پنڈیا، مطلوب علی ،محسن والا، ارشد محمود، وقاص رحیم ،نعیم طاہر سندھو، اسلم ڈوگر شامل ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب وقاص اکبر ٹیم کے منیجر ،غلام عباس بٹ کوچ اور محمد سرور اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔

لاہور لائنز ٹیم کے میڈیا مینجر عبدالرؤف روفی ہوں گے۔ ورلڈ کبڈی لیگ میں بھارتی اداکار اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز، بھارتی اداکارہ سوناکشی سہنا کی ٹیم یونائیٹڈ سنگھ (یوکے) ، بھارتی گلوکار یویوہنی سنگھ کی ٹیم یویو ٹائیگرزکیلی فورینیا ایگلز ٹوٹ برادرز ،بھارتی اداکار جد بیدی کی ٹیم پنجاب تھنڈر اور دیگر ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرسپورٹس بورڈ پنجاب اور ورلڈ کبڈی لیگ کے درمیان کبڈی کے فروغ کیلئے جمعرات کے روز مفاہمت کی یادداشت پر وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں دستخط کئے گئے، معاہدے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے مشیر اعلیٰ پنیت سنگھ نے دستخط کئے، صوبائی وزیر کھیل، تعلیم اور قانون رانامشہوداحمد خان،بھارتی وزیر سکندر سنگھ بھنیوال، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے مشیر اعلیٰ پنیت سنگھ، وزیر اعظم کے مشیر سعود مجید، ایم پی اے تاحیا نون، ماجد ظہور، لیگی رہنما عمران گورائیہ بھی موجود تھے، قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل، قانون اور کھیل رانامشہود احمد خاں نے کہا کہ ایم او یو پر دستخط ایک تاریخی موقع ہے، ہمارے نوجوانوں کو دنیا میں اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کرنے کا موقع فراہم ہورہا ہے، یہ سب وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کے ویژن کی وجہ سے ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جارہا ہے، اسی وجہ سے پاکستان کے نوجوانوں کو وسیع کینوس مل رہا ہے، یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ نوجوان اپنا ٹیلنٹ دنیا میں منوا رہے ہیں، وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سپورٹس کی سرپرستی کی اور نوجوانوں نے اپنے ٹیلنٹ سے ناقدین کے منہ بند کردیئے ہیں، یہ سب پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ثمرات ہیں، انہوں نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل اور ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کبڈی کے کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ کے بعد کبڈی ڈپلومیسی بھی شروع کردی ہے اور اب کبڈی کے ذریعے پیار کا پکا ’جپھا‘ پڑے گا، دونوں ممالک میں پیار و محبت، دوستی، تجارت اور بھائی چارہ بڑھے گا۔

وزیراعظم کے مشیر سعود مجید نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ کبڈی کا کھیل تاریخ کو تبدیل کردیگا، اس سے پروفیشنلزم آئے گا، دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال ہوگا، سکندر سنگھ کی کاوشوں سے کبڈی کے کھیل کو نئی زندگی ملے گیبھارتی وزیر سکندر سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کبڈی دونوں ممالک میں کھیلی جاتی ہے خوشی کی بات ہے پاکستان بھی ورلڈ کبڈی لیگ کا حصہ بن گیا ہے، کبڈی ایک کم خرچ اور انتہائی انٹرٹینمنٹ والا کھیل ہے اسے جتنی اہمیت ملنی چاہئے تھی وہ نہیں ملی اب دونوں ملکوں کے پنجاب کی حکومتوں کی سرپرستی سے یہ کھیل ایک نئی تاریخ رقم کریگا، کبڈی کے اکثر کھلاڑی غریب ہوتے ہیں مگر اب وہ حالات نہیں رہیں گے،

لیگ میچوں کی وجہ سے ان کی ڈیمانڈ بڑھے گی اور ان کو اچھی رقم ملے گی، ہماری کوشش ہے کہ کبڈی کو کمرشلائز کیا جائے،انہوں نے کبڈی کے کھیل کی سرپرستی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوششوں کو کامیابی ان کی وجہ سے ہی ملی ہے۔

پنیت سنگھ نے کہا کہ کبڈی صرف پنجاب کا کھیل تھا مگر اب یہ دنیا کے 30ممالک میں کھیلا جا رہا ہے، ان ممالک میں افغانستان،ترکمانستان، عراق بھی شامل ہیں، اب یہ کھیل ارجیٹینا میں بھی شروع ہوگیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کبڈی لیگ کے مقابلے 21،22اور23نومبر کو انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر پاکستان کے پنجاب میں ہوں گے۔