گال ٹیسٹ دوسرا دن : گرین شرٹس 451رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، سری لنکا نے 99رنز بنا لئے، یونس خان کے شاندار 177رنز اسد شفیق 75رنز بنا کر نمایاں رہے ، ڈیل اینڈر سرفراز اور رحمان کی نصف سنچریاں ،سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ اور پراساد نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ جنید خان نے حاصل کی ، سری لنکا کو خسارہ کم کرنے کیلئے مزید 352رنز کی ضرورت

جمعہ 8 اگست 2014 04:27

گال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء)سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 451 بنا کر آوٹ ہو گئی، کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 99رنز بنا لئے، واحد وکٹ جنید خان نے حاصل کی ،سری لنکا کی جانب سیہیراتھ اور پراساد نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں ۔پاکستانی اننگز کی خاص بات سینئر مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کے 177 رنز تھے۔

سری لنکن باوٴلرز انہیں میچ کے پہلے چار سیشنز میں آوٹ نہ کر سکے لیکن جمعرات کو کھانے کے وقفے کے بعد خان دلراون پریرا کی گیند پر کیتھورون وتنگا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔گزشتہ روز کے سکور 4-261 کے ساتھ جب پاکستان نے آج بیٹنگ شروع کی تو خان اور اسد شفیق نے پانچوں وکٹ کی شراکت 137 رنز تک پہنچا دی۔

(جاری ہے)

سری لنکن باوٴلنگ اٹیک آج کے پہلے سیشن میں پاکستانی بلے بازوں کو زیادہ پریشان نہ کر سکا اور واحد وکٹ شفیق کی گری جو75 کے انفرادی سکور پر رنگنا ہیرات کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

جس کے بعد لنچ بریک تک خان اور سرفراز احمد نے محتاط انداز میں مجموعی سکور 5-347 تک پہنچا دیا۔دوسرے سیشن میں میزبان باوٴلرز کھیل میں واپس آئے اور انہوں نے 359 پر خان کو آوٹ کرنے کے بعد نصف سینچری بنانے والے سرفراز کو 388 رنز پر پولین کی راہ دکھائی۔424 پر سری لنکن باوٴلرز کو سعید اجمل اور 451 پر عبدالرحمان کی وکٹیں ملیں۔میزبان ٹیم کی جانب سے پریرا 137 رنز دے کر پانچ وکٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے۔

دوسرے کامیاب باوٴلرز میں ہیراتھ اور پراساد نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 352 رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر کمار سنگا کارا اور کوشل سلوا کریز پر موجود تھے اور دونوں نے بالترتیب 36 اور 38 رنز بنائے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے اوپل تھرنگا اور کوشل سلوا نے اننگز کا آغاز کیا۔سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 24 رنز کے مجموعی سکور پر اوپل تھرنگا 19 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے پہلی وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :